بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسحاق ڈار اور امیر مقام کا دورۂ بشکیک ملتوی

کرغیزستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام کا دورۂ بشکیک ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام کو کرغیزستان کے دورے پر آج روانہ ہونا تھا۔

اس حوالے سے اسحاق ڈار اور امیر مقام کچھ دیر بعد عطاء اللّٰہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔

اس سے قبل دونوں وزراء نے بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے زخمی طلبہ کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانی تھیں۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کے معاملات کا جائزہ بھی لینا تھا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دونوں کو کرغیزستان بھیجنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا تھا۔

دوسری جانب بشکیک میں پاکستانی طلبہ مقامی شرپسندوں کے حملوں کے خوف سے گھروں اور ہاسٹلز میں محصور ہیں۔

’جیو نیوز‘ کو بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں طالبات نے کہا کہ کئی گھنٹوں سے دروازے لاک کر رکھے ہیں، کھانے کو بھی کچھ نہیں ہے۔

پاکستانی طلبہ نے سیکیورٹی فراہم کرنے اور وطن واپسی کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب طلبہ سمیت 140 پاکستانی واپس لاہور پہنچے تھے جہاں ایئر پورٹ پر وزیر داخلہ نے واپس آنے والوں سے ملاقات کی تھی۔

وزیرِ داخلہ نے دہشت زدہ طالب علموں سے بشکیک کے حالات پوچھے تھے۔