اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہبازشریف کی ایرانی سفارت خانے آمد، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر سفیر رضا امیری مقدم سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ مجھے اپنے بھائی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا ہے ، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،انہوںنے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہاکہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلی خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا ،انہوں نے کہاکہ ان کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا ،اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین! ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم صدر ڈاکٹر رئیسی بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بہترین انسان اور ایران کا دوست سمجھتے تھے،انہوں نے کہاکہ مرحوم صدر رئیسی کیلئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے جذبات اور انکے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انہوںنے کہاکہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے ویژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ایرانی سفارتخانے آمد،صدرابراہیم رئیسی کے انتقال پرسفیرسے تعزیت








