اسلام آباد :سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس قائمقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ کے 338 ویں سیشن کے حوالے سے اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ نے تمام پارلیمانی لیڈروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بزنس ایڈوائزی کمیٹی ایک اہم فورم ہے جس میں اجلاس کے حوالے سے تمام پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کا نہ صرف موقع ملتا ہے بلکے اجلاس کے امور بھی طے کیے جاتے ہیں۔
پارلیمانی رہنماؤں نے قائمقام چیئرمین سینیٹ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا جس پر قائمقام چیئرمین سینیٹ نے شکریہ ادا کیا۔ ایڈوائزری کمیٹی کو سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے موجود ہ اجلاس کے حوالے سے اہم امور پر بریفنگ دی اور پارلیمانی کیلنڈر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان بالا کاحالیہ سیشن متوقع طور پر جمعہ24 مئی2024 تک جاری رکھا جائے گا۔
آج کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر سید شبلی فراز اور وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے علاوہ سینیٹرز شیری رحمان،عرفان الحق صدیقی، سید علی ظفر، منظور احمد،مولانا عطا الرحمن، حاجی ہدایت اللہ، سید فیصل علی سبز واری، کامل علی آغا، راجہ ناصر عباس، حامد خان اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے شرکت کی۔
ایوان بالا کاحالیہ سیشن متوقع طور پر جمعہ تک جاری رکھنے کا فیصلہ








