بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پٹرول اور آٹاسستا، اسلام آباد کی بیکریوں کا قیمتوں میں کمی  سے انکار

اسلام آباد(وقائع نگار) پٹرولیم مصنوعات اورآٹے کی قیمتوںمیں نمایاں کمی کے باوجوداسلام آباد کی بیکریوں نے قیمتوں میں کمی کرنے سے انکارکردیااور یہ موقف اختیارکیاہےکہ جب تک ڈپٹی کمشنراسلام آبادکمی کانوٹی فکیشن نہیں کریں گے قیمتوںمیں کمی نہیں ہوگی جب کہ راولپنڈی میں انتظامیہ نے ڈبل روٹی کی قیمت میں 20روپے کمی کرنے کانوٹی فکیشن جاری کردیاہے،تفصیلات کےمطابق حکومت کی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹرکمی کی گئی تھی جس کے بعد مختلف کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں میں کمی آئی جب کہ حالیہ چندماہ میں آٹے کی قیمتوںمیں کمی کے بعد روٹی اور نان کی قیمتوں کو کم کیاگیا تاہم اسلام آباد میں مختلف بیکریزنے ابھی تک نہ تو ڈبل روٹی کی قیمت میں کوئی کمی کی ہے نہ ہی دیگربیکری آئٹمز کی قیمتیں کم کی گئی ہیں ،عوامی حلقوں نے اس پر تشویش کااظہارکیاہے اور اسلام آبادانتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر بیکری آئٹمزکی قیمتوں میں 15سے 20 فی صدتک کمی لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں جب موقف جاننے کے لئے اسلام آباد بلیوایریامیں واقع ایک معروف اورمہنگی بیکری کے منیجرذیشان سے رابطہ قائم کیاگیا تو انہوں نے کہاکہ وہ اس بات کو تسلیم کرتےہیں کہ پٹرول اور آٹے کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن ہماری انتظامیہ نے ابھی تک ڈبل روٹی اور دیگرآئٹمز کی قیمتوں میں کمی نہیں کی ،منیجراس بات پر اصرارکرتارہاکہ قیمتوں میں کمی کانوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنراسلام آبا د جاری کرتے ہیں ابھی تک قیمتوں میں کمی کاکوئی نوٹی فکیشن نہیں آیا،جب ان سے یہ سوال کیاگیاکہ ڈبل روٹی ہویادیگربیکری آئٹم ان کی قیمتوں میں اضافے کاکیاطریقہ کارہے تو منیجرذیشان نے کہاکہ اضافہ ہماری انتظامیہ ازخودکرلیتی ہے لیکن کمی ہم ڈپٹی کمشنرکے حکم سے ہی کرتےہیں،علاوہ ازیں راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرنے بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کانوٹی فکیشن جاری کردیاہے اور ڈبل روٹی کی قیمت بیس روپے کم کردی گئی ہے۔