بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا حکومت کا بجٹ آئین ، وفاق پاکستان کی روح اور طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے، امیرمقام

اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے خیبرپختون خوا حکومت کے بجٹ کو آئین ، وفاق پاکستان کی روح اور طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختون خوا حکومت نے بجٹ پیش نہیں کیا خیالی پلاؤ پیش کیا ہے۔ یہ شیخ چلی بجٹ ہے اور عید سے ایک دِن پہلے چاند نکالنے کی کوشش ہے۔ ذرائع آمدن کا تعین ابھی ہوا نہیں اور بجٹ بن گیا، اس پر صرف ہنسا جاسکتا ہے ۔ خیبرپختون خوا کے بجٹ پر اپنے ردعمل میں وفاقی انجینئر امیر مقام نے کہاکہ خیبرپختون خوا کا وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرناغیرحقیقی (Unrealistic) اور صرف ایک پولیٹکل سٹنٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک وفاق ہے جو اکائیوں کے ساتھ مل کر بجٹ سازی کرتا ہے۔ یہ وفاق پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں کیونکہ ایک طے شدہ آئینی و ریاستی طریقہ کار کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ وزیر خزانہ کے پی کے کے اعدادوشمار اور بجٹ تخمینے سب وفاق سے ملنے والی رقوم کے اندازوں پر مبنی ہیں۔یہ توقعات اور امکانات پر مبنی بجٹ ہے جو ٹھوس منصوبہ بندی، معاشی حکمت عملی اور عوام کی فلاح اور ریلیف سے خالی ہے۔ اس لئے یہ فرضی بجٹ ہے ،عوام کو دھوکہ دینے کا نیا ناٹک ہے ۔ انجینئر امیر مقام نے کہاکہ جب تک محاصل کا درست تخمینہ نہ ہو، اس وقت تک کے پی کے تخمینے سب مفروضی اور غیرحقیقی ہوں گے۔ وفاق میں محاصل(ریوینیوز)جمع ہوتے ہیں اور مشاورت سے ان کی تقسیم کے امور طے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے خود تسلیم کیا ہے کہ وفاقی بجٹ آنے کے بعد کے پی کے بجٹ تجاویز میں ترامیم کریں گے۔ اس بیان کی روشنی میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ کے پی کے کا بجٹ حقیقی نہیں محض مفروضہ اور ناٹک ہے۔ یہ تازہ شہد کے استعمال کا اثر لگتا ہے ۔ ایک طرف کہتے ہیں کہ وفاق ہمیں پیسے نہیں دے رہا دوسری طرف کہتے ہیںکہ ہمیں وفاق کی ضرورت نہیں اور خود بجٹ بناسکتے ہیں۔ یہ پہلے جھوٹ بول رہے تھے یا اب جھوٹ بول رہے ہیں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختون خوا کے صدر نے صوبائی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ15 دِن پہلے ہی بتا رہے ہیں کہ صوبہ عوام کا ہے اور پاکستان کا ہے۔ اپنی سیاست کے لئے وفاق اور اکائیوں میں لڑائی کا تاثر نہ دیں ۔ آپ کا بٹن اڈیالہ سے دبتا ہے ، عوام جانتے ہیں ۔ آپ پاکستان کے آئین اور وفاق پاکستان اور اکائیوں کے درمیان طے شدہ طریقہ کار کے پابند ہیں۔ امیرمقام نے کہاکہ دس سال سے آپ خیبرپختونخوا میں مسلط ہیں۔ ساڑھے 300 ڈیم کہاں ہیں ؟دس سال میں ایک میگا واٹ بجلی میں اضافہ نہ کیا۔ کوئی ہسپتال بنا نہ تعلیمی ادارہ ۔ صوبہ 10 کھرب سے زائد کا مقروض اور معاشی طورپر کنگال کردیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی نے خیبرپختون خوا کو دس سال میں پاکستان کا سب سے مقروض صوبہ بنادیا ہے ۔ بی آرٹی کا سالانہ خسارہ 6 ارب پر پہنچ چکا ہے۔ کرپشن میں خیبرپختونخوا سب سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی صوبے میں محکمہ تعلیم اور صحت کے شعبے کے ورکرز احتجاج کررہے ہیں۔