بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کااہم فیصلہ

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)عالمی عدالت انصاف نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اورغزہ جنگ رکوانے کے لیے ایک بڑا اہم فیصلہ دیدیا ہے جس میں غزہ اور رفح
میں فوری طور پر جنگ بندی کرنے ، نسل کشی کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کو رسائی دینے اور امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کا کہاگیاہے ۔ عالمی عدالت انصاف نے تیرہ ،دو کے تناسب سے فیصلہ کیا  یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ اسرائیل کے مظالم کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے اہم فیصلہ آیا ہیاور جنوبی افریقہ فلسطینی عوام کے لیے مسیحا بن کر ابھرا ہے کیونکہ اسی اسلامی ملک نے عالمی عدالت انصاف نے یہ معاملہ اٹھانے سے گریز کیا اور جنوبی افریقہ نے ایک جرات مندانہ اقدام کیا جس کے نتیجے میں آج ایک اہم فیصلہ آیا ، اس سے پہلے عالمی عدالت انصاف جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ بھی جاری کر چکی ہے  اسرائیل کے مظالم کوئی نئی بات نہیں  ، فلسطین کے مظلوم عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا ، قبلہ اول اور بیت المقدس پر بھی اسرائیل قابض ہے ، حال ہی میں تین یورپی ممالک نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے اورغزہ میں حالیہ جنگ کے دوران 36ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا امداد بھی نہیں پہنچ پا رہی ، رفح کے کراسنگ پوائنٹ بھی بند ہیں ، اسرائیل کو فوری طور پر اس فیصلے پر عمل کرنا چاہئے ، امریکہ ، برطانیہ اور دیگر وہ ممالک جو اسرائیل کو اسلحہ اور دیگر امداد پہنچا رہے ہیں انہیں یہ سلسلہ روک دینا چاہئے کیونکہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل مجرم ثابت ہو گیاعلاوہ ازیں پاکستان کے سیاسی محاذ پر دیکھا جائے تو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹر یٹ کو سی ڈی اے نے گزشتہ رات ایک آپریشن کر کے تجاوزات کے الزام میں سربمہر کر دیا اور جس پلازے میں یہ دفتر واقع تھا اس کی تعمیرات میں سی ڈی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے ، سینیٹ میں بھی قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے یہ معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھایا اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے حکومت کی طرف سے جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس عمارت کی غیر قانونی تعمیر اور قوانین کی خلاف ورزی پر پہلا نوٹس 2020میں دیا گیا اس وقت تحریک انصاف کی حکومت تھی اور یہ کارروائی اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کی ہدایت پر کی گئی ہے کیونکہ اس کمیٹی کے چیئرمین تحریک انصاف کے رہنما محسن عزیز تھے لہذا یہ الزام لگانا درست نہیں ہے کہ اب کوئی انتقامی کارروائی ہوئی ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں یہ ریکارڈ بھی پیش کیا کہ 2021-2022-2023اور 10مئی 2024کو بھی نوٹسز بھیجے گئے لیکن نہ تو ان نوٹسز کو کسی عدالت میں چیلنج کیا گیا اور نہ ہی عمل کیا گیا ۔ بہرحال یہ تو ایک کاغذی اور قانونی جواز ہے جو حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا اس معاملے میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ رات گئے آپریشن کرنا کوئی اچھا عمل نہیں ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول سیاسی جماعت ہے اس کے طرز سیاست سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن جس انداز میں ان کا دفتر سیل کیا گیا وہ درست نہیں تھا۔ یہ کارروائی سی ڈی اے کو سورج کی روشنی میں کرنی چاہئے تھی اور جو نوٹس آج میڈیا کو دکھائے گئے ہیں اس سے پہلے یہ نوٹس میڈیا کو کیوں نہیں جاری کئے گئے ، ویسے یہ بھی حیرانگی کی بات ہے کہ جب کرین اور بلڈوزر استعمال کئے جارہے تھے تو پی ٹی آئی کے چند کارکن رکاوٹ ڈالنے کے لیے آگے بڑھے جنہیں گرفتار کیاگیا ۔مرکزی قیادت میڈیا میں اپنی حاضری لگوانے میں لگی رہی اگر وہ اس وقت ان کرینوں کے آگے لیٹ جاتی تو سی ڈی اے حکام کے لیے کارروائی کو آگے بڑھنا بہت مشکل ہو جاتا ۔دوسری جانب شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس میں ایک نیا موڑ آگیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے شاعر کی بازیابی نہ ہونے پر سخت ایکشن لیا ہے اور آئندہ پیشی پر آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر ، ملٹری انٹیلی جنس کے ڈائریٹکراور ایم آئی کے ڈائریکٹر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے اور سیکرٹری دفاع کو بھی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ۔ شاعر احمد فرہاد کے لاپتہ ہونے کا معاملہ ایک اہم ایشو بن گیا ہے اور عدالت بار بار اس کی بازیابی کے حکم دے رہی ہے ، اٹارنی جنرل نے آخری پیشی پر یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مغوی کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ یہ عدالتی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ احساس اداروں کے اہم افسران کو کسی عدالت میں طلب کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے ۔ دیکھتے ہیں آئندہ پیشی پر یہ کیس کیا رخ اختیار کرتا ہے اور کیا 29مئی تک شاعر احمد فرہاد بازیاب ہو پائیں گے یا نہیں کیونکہ اگر وہ بازیاب نہ ہوئے تو عدالت کی طرف سے کوئی اور مزید سخت حکم جاری ہو سکتا ہے ۔ان واقعات اور دیگر چند فیصلوں کے نتیجے میں ان دنوں عدلیہ کے بعض ججز اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو پہلے ہی توہین عدالت کے نوٹس جاری ہو چکے ہیں جبکہ پیمرا اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے میڈیا کو یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ توہین عدالت اور عدلیہ سے متعلق متنازع خبریں نشر اور شائع کرنے سے گریز کیا جائے ۔