بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں سے ناقدین کے منہ بند ہوگئے، جلد اہداف حاصل کرلیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، آئیں ایک قوم بنیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوجی اور سول افسران ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مل کر کام کررہے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، آرمی چیف سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ حالیہ دنوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کیے جو کامیاب رہے، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں نے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں اور اب ہم بہت جلد اپنے اہداف کو کامیابی سے حاصل کرلیں گے۔

شہباز شریف نے کہاکہ چاروں وزرائے اعلیٰ ایس آئی ایف سی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، شروع میں ایس آئی ایف سی کے حوالے سے تمام خدشات غلط ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ وفاق اور صوبے مل کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے، جو بھی ملک کے لیے کام کرے گا وہ ہمارے سروں کا تاج ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ اگر ہم مشکلات کے باوجود ایٹمی ملک بن سکتے ہیں تو پھر زرعی پیداوار کو دُگنا کرنا، برآمدات کو بڑھانا اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دے کر باعزت روزگار مہیا کرنا کون سا مشکل کام ہے۔
انہوں نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان کی زمین میں کھربوں روپے کے خزانے چھپے ہیں جنہیں استعمال میں لانا ہے، ریکوڈک منصوبے پر ایس آئی ایف سی نے شاندار کام کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب اور یو اے ای سے جو اعلانات ہوئے ہیں اس پر ہم سب یکسو ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے غیرملکی فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔