بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یونان میں گرفتار اینکر اور ایتھلیٹ مونا خان کو رہا کر دیا گیا، دفتر خارجہ کی تصدیق

اسلام آباد:دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ یونان میں پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار پاکستانی اینکر اور میراتھن رنر مونا خان کو ایتھنز حکومت نے رہا کر دیا ہے۔
ہفتہ کی رات گئے دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ ایتھنز میں پاکستان کے سفارت خانے کی مداخلت پرمونا خان کو لاک اپ سے رہا کردیا گیا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ دوبارہ ملنے کے لیے کیٹرینی سے ایتھنز جا رہی ہیں۔
اس سے قبل حکومت پاکستان کو یونان میں پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار پاکستانی اینکر اور میراتھن رنر مونا خان کو قونصلر رسائی دے دی گئی تھی۔
قونصلر رسائی ملنے کے بعد پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے اس جیل کا دورہ کیا جہاں انہیں قید رکھا گیا تھا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے تصدیق کی کہ پاکستانی سفارت خانے نے یونانی حکام کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے اور مونا کے لیے قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے۔ مونا خان کو واک کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر یونان میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کوچ محمد یوسف نے مونا کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پولیس نے ان کا فون بھی ضبط کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مونا سے میرا آخری رابطہ ایتھنز میں اپنے بیٹے کو چھوڑنے سے ایک گھنٹہ قبل ہوا تھا۔
ان کی گفتگو کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آئی تھی، پولیس نے گرفتاری کے بعد مونا خان سے پوچھ گیچھ کی تو انہوں نے میراتھون ریس میں پاکستانی جھنڈا لہرانے کی تصدیق کر دی تھی اور پھر مبینہ طور پر پولیس نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔