اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو ختم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن 21 مئی 2024 کو کیا گیا تھا جس میں وزیر اقتصادی امور، وزیر پاور ڈویژن، سیکرٹری پاور ڈویژن اور سابق ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری شامل ہیں۔ کمیٹی کو این ٹی ڈی سی کو ختم کرنے کے لیے آگے بڑھنے کے راستے کو حتمی شکل دینے اور وزیر اعظم کو غور کے لیے سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ کمیٹی 31 اگست 2024 تک اپنا کام مکمل کر لے گی۔ متعلقہ حکام نے کہا کہ این ٹی ڈی سی اپنی موجودہ شکل میں، بجلی کے ہموار انخلاء، اثاثہ جات کے انتظام اور نظام کے آپریشنز کے لیے ٹرانسمیشن لائنوں کی ذمہ دار ہے جو کہ مفادات کے تصادم کی بہترین مثال ہے۔ اور این ٹی ڈی سی کے آؤٹ پٹ پر کوئی چیک نہیں ہے۔ گزشتہ موسم سرما میں این ٹی ڈی سی کی جانب سے ملک کے جنوبی حصے سے لوڈ سنٹر (پنجاب) تک اس کی ترسیل کی رکاوٹوں کی وجہ سے سستی بجلی نکالنے میں ناکامی کی وجہ سے صارفین کو ایف سی اے (فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ) کی مد میں 7 روپے فی یونٹ ادا کرنا پڑا۔ چونکہ سسٹم آپریٹر ’این پی سی سی‘ این ٹی ڈی سی چھتری تلے ہے، لہٰذا این ٹی ڈی سی انتظامیہ اس مشکل کا سامنا نہیں کر سکی جس کی وجہ سے حکومت این پی سی سی کو این ٹی ڈی سی سے سسٹم آپریٹر کے طور پر فوری طور پر الگ کرنا چاہتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، این پی سی سی (نیشنل پاور کنٹرول سیل) کو این ٹی ڈی سی سے الگ کر دیا جائے گا۔ مجوزہ منصوبے کے تحت این پی پی سی بحیثیت سسٹم آپریٹر (ایس او) کو مارکیٹ آپریٹر (ایم او) کے ساتھ ضم کردیا جائے گا جسے سی پی پی اے جی (سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی) سے الگ کیا جانا ہے اور سسٹم آپریشنز سے نمٹنے کے لیے ایس ایم او (آزاد سسٹم مارکیٹ آپریٹر) کے نام سے ایک نیا ادارہ تیار کیا جائے گا۔
این ٹی ڈی سی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر 4 رکنی کمیٹی تشکیل








