اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق فوجی افسران کی تنظیم “ایکس سروس مین سوسائٹی”کے ارکان نے واضح کیا ہے کہ ایکس سروس مین سوسائٹی غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے ،فوج کے خلاف مذموم مہم چل رہی ہے ،موجودہ حالات میں ہمیں مکمل طور پر متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔اپنے ویڈیو پیغام میں لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آغا نادر خالد نے کہا کہ ہم لوگ سب سے پہلے پاکستانی ہیں ،ہمیں اس چیز کا خیال کرنا چاہیے کہ اپنی فوجی زندگی کو سیاست میں مت ڈالیں،اپنے ملک اور آئین کی حفاظت کےلئے چلیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاست میں آنا چاہتا ہے تو اپنے فوجی رینک کو ایک طرف رکھ کر بطور سویلین سیاست میں آئے۔بریگیڈئیر (ر) حارث نواز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہماری مسلح افواج کے خلاف بہت بڑی مہم چل رہی ہے،جو کام دشمن 75سال میں نہیں کرسکا وہ کام اب ہورہے ہیں ،ان حالات میں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی بہت اہم پلیٹ فارم ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی فلاح وبہبود کےلئے کام کیا جائے ،یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر غیر سیاسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بہت پیشہ ورانہ انداز سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ابھی بھی ہمارے بہت زیادہ افسران اور جوان شہید ہورہے ہیں ،اس وقت ہمیں مکمل طور پر متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ نادر میر نے اپنے پیغام میں یہ نعرہ لگایا “پاکستان آرمی زندہ باد”پاکستان پائندہ باد۔
سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مہم ،سابق فوجی افسران بھی دفاع کےلئے میدان میں آگئے








