بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پالیسیوں کا تسلسل ضروری، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس مگر کئی شعبوں کو چھوٹ

کراچی (ویب ڈیسک) ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، تنخواہ دار طبقے پر تو ٹیکس ہے مگر کئی شعبوں کو چھوٹ حاصل ہے، فائلر بنانے کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، این ایف سی پر نظرثانی ضروری ہے، کراچی کے علاوہ پورے ملک کے 22؍لاکھ دکانداروں میں سے صرف تیس ہزار ٹيکس دیتے ہیں، مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ زراعت اور رئیل اسٹیٹ پر مزید چھوٹ نہیں دی جاسکتی، ٹیکس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورہ کرنا چاہیے، شبری زیدی نے کہا حکومت ٹیکس لگانے میں سنجیدہ ہی نہیں، آئی ایم ایف کو چکر دیکر پیسے پکڑنا چاہتی ہے، عمارہ حبیب خان نے کہا اگر کیش ختم کر کے ڈیجیٹل پیمنٹ پر لے آئیں تو ہر شخص خود بخود رجسٹرڈ ہوجائیگا، ٹرانزیکشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کے بغیر معیشت کو دستاویز نہیں بنایا جاسکتا، پاکستان سے کہیں کم خواندگی والے ملکوں کی معیشت بھی ڈيجیٹائز ہوچکی، خالد کھوکھر نے کہا اگر زراعت پر ٹیکس لگا تو پھر پاکستان کی زراعت پر فاتحہ پڑھ لینی چاہیے،گندم کی مثال سامنے ہے، پاکستانی کاشتکار کو لیول پلائنگ فیلڈ میسر نہیں ہے، عتیق میر نے کہافیکس ٹیکس پر ایگری کرتے ہیں، آصف سم سم نے کہا ٹیکس کی تمام سلیب ہم ادا کر تے ہیں، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو بھگایا جارہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’گریٹ ڈیبیٹ‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔پروگرام کی میزبانی شاہزیب خانزادہ نے کی۔ زراعت، ریٹیلرز، ہول سیلرز، رئیل اسٹیٹ سے متعلق ٹیکس پالیسز فائلر ،نان فائلر اور ٹیکس نیٹ کو کیسے بڑھایا جائے کے موضوع پر ہونے والی ڈیبیٹ میں گفتگو کرتے ہوئےسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی بڑھانے کیلئے ان شعبوں پر ٹیکس لگانا ہوگا جنہیں اب تک چھوٹ دے رکھی ہے، رئیل اسٹیٹ اور زراعت جیسے شعبوں کو مزید چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کیے بغیر کوئی اصلاحات کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا دنیا نے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا ہے اور ہم بھی یہ کرسکتے ہیں، وفاق کے پاس فنڈز نہیں لیکن صوبوں میں صورتحال مختلف ہے، رواں مالی سال کو بھی ضائع کردیا گیا کیونکہ ٹیکس نیٹ بڑھایا جاسکتا تھا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی رواں سال 10 فیصد تک پہنچ جائے گی لیکن یہ اب بھی کم ہے، صورتحال یہ ہے کہ سونے کے کاروبار سے کوئی ٹیکس حاصل نہیں کیا جاتا، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں جائیداد کے مختلف ریٹس کو ختم کردینا چاہیے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ٹیکس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورہ کرنا چاہیے، فری میں قوم کی خدمت بھی نہیں ہوسکتی، ٹیکس تو تمام شعبوں کو دینا ہوگا۔ مفتاح اسماعیل نے تجویز دی کہ فکسڈ ٹیکس کا نظام لانا چاہیے، صنعتی سطح پرسیلز ٹیکس کا نفاذ ہونا چاہیے، دکانوں سے سیلز ٹیکس نہیں لینا چاہیے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بڑے کاشتکار سے ہم تھوڑا سا ٹیکس تو لے سکتے ہیں، زراعت پر فکس ٹیکس ہونا چاہیے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ ان ڈاکیومنٹڈ پیسہ پراپرٹی میں جاکر پاک ہوجاتاہے، نان فائلرز کو گاڑیاں اورپراپرٹی خریدنے نہ دیں، دوسرے سال پاسپورٹ بنانے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کسی صوبائی حکومت نے پراپرٹيز کا سروے کرانے کی ہی زحمت نہیں کی۔مفتاح اسماعیل نے کہا یہ نہیں ہوسکتا کہ امیروں کی اربوں کی جائیدادیں ہوں اور اُن سے ٹیکس نہ لیا جائے اور غریبوں سے سیلز ٹیکس لیا جائے ۔ یہ سال ہمارا ضائع ہوا ہے ۔ریٹیلرز پر کم از کم تین چار ہزار ٹیکس ماہانہ ہونا چاہیے پورے پاکستان میں پچیس لاکھ ریٹیلرز ہیں ۔سونے پر ہم نے سترہ فیصد ٹیکس لگایا تھا میں نے درخواست کی تھی حکومت سے کہ اس کو تین چار فیصد پر لے آئیں اندازہ لگائیے بیس سونے کی دکانیں پورے پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق نو کروڑ لوگ خطے غربت سے نیچے ہیں ایک کروڑ لوگ اور جائیں گے اس سال جب تک حکومت کا خسارہ کم نہیں ہوگا مہنگائی بڑی رہے گی۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو سہولتوں کی فراہمی پر غور کرنا چاہئے مستقبل پالیسی قائم رکھناچاہئے۔ شہریوں کو ٹیکس ادائیگی کرنا چاہئے۔ کہیں نہ کہیں ہمیں بھی حصہ ڈالنا پڑے گا۔ اخراجات پر کنٹرول کرنا حکومت کے لئے بہت ضروری ہے ۔سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)شبر زیدی نے کہا ہے کہ ہمارا سیاسی نظام ملک میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں چاہتا اور حکومت ٹیکس لینے میں سنجیدہ ہی نہیں، حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیکس لینے کے بجائے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کو چکر دے کر پیسے پکڑ لے۔ شبرزیدی نے کہاکہ صرف بھارتی شہر ممبئی کا ٹیکس پورے پاکستان سے زیادہ ہے، ہمیں طویل مدتی ٹیکس پالیسی لانا ہوگی، 10 سال کی پلاننگ درکار ہے، معیشت پر سوشل معاہدہ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 30 لاکھ صنعتی صارفین ہیں اور ان میں سے صرف 1 لاکھ ہی ریٹرن فائل کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں پراپرٹی ٹیکس کیوں نہیں لگ رہا؟ کسی بھی صوبائی حکومت نے پراپرٹی ٹیکس کا سروے نہیں کروایا۔سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے آخری پراپرٹی سروے کب کیا ہے؟ پوچھتا ہوں لاہور میں آخری پراپرٹی سروے کب ہوا ہے؟انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سارے شعبے کے لوگوں کو پہلے ہی نچوڑا ہوا ہے، پراپرٹی کا سروے کیا جانا چاہیے، ہمارا سیاسی نظام ملک میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں چاہتا۔شبر زیدی نے کہا کہ کراچی منیلا جیسا ہے، منیلا نے جیو فینسنگ کروائی اور پراپرٹی ٹیکس وصول کیا گیا، بلڈرز اور ڈیولپرز کو رعایت دینی چاہیے مگر پراپرٹی ڈیلر کو کوئی رعایت نہیں ملنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ تاجروں، صنعت کاروں کی بلیک منی کا رئیل اسٹیٹ میں جانا ایک شیطانی چکر ہے