بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوم تکبیر تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے،عطاءاللہ تارڑ

اسلام آباد(ممتازنیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم تکبیر تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے، اس روز پاکستان نے اعلان کیا کہ اسے کوئی غلام نہیں بنا سکتا، 28 مئی کے موقع پر 9 مئی والوں نے ایک نئی سازش گھڑی، یہ 1971 کی تاریخ کو مسخ کر کے ملک کی سالمیت پر حملے کرنے پر اتر آئے ہیں، ان کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

منگل کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 26 برس قبل پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا، اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، یوم تکبیر تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے اس روز پاکستان نے اعلان کیا کہ اسے کوئی غلام نہیں بنا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہمیں نہ خریدا جاسکتا ہے، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جوہری پروگرام کو بنانے، پروان چڑھانے اور اس کا عملی اظہار کرنے والا ہر فرد قوم کا ہیرو ہے جسے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے اس عہد کو دہراتے ہیں کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے معمار مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ان کی ٹیم اور تمام سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے موقع پر 9 مئی والوں نے ایک نئی سازش گھڑی ہے جو کامیاب نہیں ہو گی، یہ 1971 کی تاریخ کو مسخ کر کے ملک کی سالمیت پر حملے کرنے پر اتر آئے ہیں۔ اقتدار سے دوری نے انہیں حواس باختہ کر دیا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تعالیٰ جیت پاکستان اور 28 مئی والوں کی ہو گی۔