اسلام آباد:نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کررہا ہے۔
جسٹس امین الدین،جسٹس جمال مندوخیل ،جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بلیو کلر کے ڈریس شرٹ پہن رکھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر کالعدم قرار دے کر سیاست دانوں کے 50 کروڑ سے کم مالیت کے کرپشن کیسز نیب کو منتقل کر دیئے تھے۔
فیصلے میں بے نامی کی تعریف، آمدن سے زائد اثاثوں اور بار ثبوت استغاثہ پر منتقل کرنے کی نیب ترامیم کالعدم قرار دی تھیں، عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں، فیصلے کیخلاف وفاق نے انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔