اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہبازشریف نے تمام تر حکومتی کارروائی کو کاغذی فائلوں سے ای آفس پر منتقل کرنے کیلئے جلد ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت سرکاری دفاتر و اداروں میں ای آفس کے نفاذ پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اسکے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، وزیرِ اعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اسکے جلد نفاذ کی ہدایت کردی، وزیرِ اعظم نے استفسار کیاکہ20 برس قبل ای آفس پر کام شروع ہوا، اتنے عرصے میں اس پر مثبت پیش رفت کیونکر نہ ہوئی،انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ای آفس پر کام ہو رہا ہے، پاکستان میں اس منصوبے کی راہ میں کیونکر رکاوٹیں پیدا کی گئیں ،انہوں نے کہاکہ ای آفس پر منتقلی سے نظام میں شفافیت پیدا ہوگی، ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے ،آج اگر صرف سرکاری خریداری میں ہی ای آفس کا نفاذ ہو چکا ہوتا تو اب تک ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جا سکتے تھے، وزیر اعظم نے کہاکہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے دانستہ طور پر ای آفس کے نظام کو سست روی کا شکار رکھا ،ای آفس کے استعمال کو سہل اور جدید اور محفوظ بنایا جائے،انہوں نے کہاکہ ای آفس نظام کی تیاری اور اسکے نفاذ کیلئے بین الاقوامی سطح پر رائج مثالوں سے مدد لی جائے ، ای آفس کی ازسر نو تیاری کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی مدد لی جائے ،ای آفس سے متعلقہ اسٹاف کی میرٹ پر چھان بین کے بعد غیر ضروری، غیر متعلقہ اور مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے لوگوں کو نوکری سے برخاست کیا جائے۔
وزیراعظم کی تمام تر حکومتی کارروائی ای آفس پر منتقلی کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت








