بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے، عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان کے زہریلے آرٹیکلز باہر کے اخبارات میں کیوں چھپ جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی فتنہ ہیں، ان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی ملک کی فوج اور چیف جسٹس کے خلاف محاذ بنایا گیا، نوجوانوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، 9 مئی سمیت بانی پی ٹی آئی یہ سب کیوں کر رہے ہیں، اس پر کمیشن بنایا جائے، کمیشن اس بات پر بننا چاہیے بانی پی ٹی آئی ملک دشمنی کیوں کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی فتنہ ہیں، سیاست پر اثر پڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو این آر او دیا جائے تو سارا انقلاب ختم ہو جائے گا، ان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے۔

صوبائی وزیر نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک میں فساد کروانا چاہتے ہیں، عوام کو اب سمجھنا ہوگا پی ٹی آئی کیسے ملک کے خلاف سازش کر رہی ہے، ملک کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کو بہت عزت دی، انقلابیوں سے کہتی ہوں کہ ڈرامہ بازی بند کر دیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس مہینے پیٹرول کی قیمت میں 20 سے 21 روپے کمی آئی ہے، حکومت آٹے اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بہت کمی لائی ہے، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی لائی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈبل روٹی کی قیمت میں بھی کمی کی ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب دن رات عوام تک ریلیف پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔