بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سائفر ، عمران کوبڑا ریلیف، پراسیکیوٹر کارکردگی سوالیہ نشان

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)اسلام آبادہائی کورٹ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمودقریشی کو بری کردیا اگرچہ سائفر کیس میں اسلام آبادہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے تاہم اس میں وقتی ریلیف ملنے کے بعد عمران خان کے خلاف قائم کیے گئے ایک سنگین مقدمے کے حوالے سے انہیں اپنا بیانیہ بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے،27 مارچ 2022 کو جب اس وقت وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں کچھ روز باقی رہ گئے تھے تو انہوں نے پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایک کاغذ لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے کہ اگر عمران خان حکومت رہے گی تو پاکستان کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے اور ان کے اس نے ملکی سیاست میں بھونچال برپا کیا اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی متاثرہوئے قومی سلامتی کمیٹی اور امریکی حکام نے بھی اس دعوے کی تردید کی لیکن اس کے باوجود عمران خان نے جلسوں میں سائفر بیانیہ پرعمل پیرارہے، رواں سال جنوری میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید با مشقت کی سزا سنا ئی تھی ، بلاشبہ سائفرملکی تاریخ کا حساس ترین معاملہ تھا اس کیس میں سائفر لہرانے اور گم ہونے کا اعترا ف بھی کیاگیا،اسی طرح اس وقت کے دو خارجہ سیکرٹریوں سہیل محمداور اسد مجید کے بیانات ریکارڈ پر ہیں جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری کابیان اور پھر عمران خان کی اعظم خان سے بات چیت کی آڈیوبھی منظرعام پرآئی جس میں وہ سائفر پر کھیلنے کی بات کررہے ہیں ،چنانچہ سائفر کی حقیقت کو جھٹلایانہیں جاسکتا ، سائفر کیس کا اگرچہ تفصیلی فیصلہ آناباقی ہے تاہم بظاہرعمران خان اور شاہ محمود کی بریت سائفر کی کاپی پیش نہ کئے جانے پر ہوئی جس کاججز باربارپوچھتے رہے ،یہ بات بجا ہے کہ ٹرائل کورٹ میں سائفر کیس عجلت میں چلایاگیاتاہم ٹرائل کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کوسزادلوانے والے پراسیکیوٹر ذوالفقارعلی شاہ کا اپیل کے فورم پر کارکردگی مایوس کن تھی،ججز کے بارہاسائفرکی کاپی مانگنے کے باوجود پراسیکیوٹرکاکاپی نہ فراہم کرناسوالیہ ہے ،اگراوپن کورٹ میں کاپی فراہم کرنا حساس معاملہ تھا تو اس حوالے سے عدالت کو ان کیمرہ بریفنگ دی جاسکتی تھی ،علاوہ ازیں سائفرکیس کے فیصلے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق پر پی ٹی آئی کے الزامات بھی غلط ثابت ہوگئے ہیں ،اسی طرح بنچ میں شامل انہی دو ججز نے نوازشریف کو بھی کیسز سے بری کیاچنانچہ مسلم لیگ ن  کے لئے بھی ججز پر تنقید کا کوئی جوازنہیں رہا ،بعض تجزیہ کاروں کے مطابق عدلیہ اور مقتدرہ میں واضح خلیج نظر آرہی ہے اور جب خلیج بڑھتی ہے تو لڑائی ہوجاتی ہے، تضاد میں کوئی حرج نہیں، ٹکراؤنہیں ہونا چاہیے ،یقیناً اداروںمیں ٹکراؤ کی صورتحال ملک اور خود اداروں کے مفاد میں نہیں ملک میں تین نومبر2007 جیسی صورتحال ہر گز دوبارہ پیدانہیںہونی چاہئے جب اس وقت کے فوجی سربراہ پرویزمشرف نے عدلیہ سے محاذ آرائی پر ایمرجنسی لگائی تھی اور اس غیرآئینی وغیرقانونی اقدام پر انہیں سزابھی سنائی گئی تھی ،لہذا ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اداروںکو مل کر کام کرناچاہئے اور کسی بھی معاملے پر ٹکراؤ جیسی صورتحال سے ممکنہ حد تک بچناچاہئے،یقیناًپی ٹی آئی کا سائفربیانیے کو خوب پذیرائی ملی لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اس بیانیے سے پاکستان کو کیاحاصل ہوا ؟حقیقت یہ ہے کہ یہ معاملہ ملک کے لئے جگ ہنسائی کا باعث بناعدالتی فیصلے سے یہ بھی ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی حکومت گرانے میں امریکہ کوکوئی کردارنہیں تھا۔