اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سنی اتحادکونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی فل کورٹ میں سماعت دوسرے روز بھی جاری رہی اور سماعت کےدوران ججز اہم ریمارکس دینے کے علاوہ کئی اہم سوالات بھی اٹھائے،بعض ججز ایک دوسرے کی رائے سے کھل کراختلاف بھی کرتے رہے تاہم سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل قریشی نے طویل دلائل دیئے مگران کا تسلسل بارباراس وجہ سے ٹوٹتارہاکہ معززجج حضرات وکیل کے دلائل میں باربارسوالات کی بوچھاڑکرتے رہے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہرمن اللہ کے ریمارکس بہت اہمیت کے حامل رہے،جسٹس منیب اخترنے سوال اٹھایاکہ سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کرنا ہی سارے تنازعے کی وجہ بناجس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو یہ کہناپڑاکہ کیاہم نے تحریک انصاف کو کہاتھا کہ انٹراپارٹی الیکشن نہ کرائے ،انٹراپارٹی الیکشن کامعاملہ 2021سے زیرالتواء چلاآرہاتھا،ہر چیز کا ملبہ عدالت کے اوپرنہ ڈالاجائے ،عدالت کے اندردوسوالات یا دومعاملات واضح طورپر کھل کر سامنے آچکے ہیں ،ایک یہ کہ سنی اتحاد کونسل نے الیکشن میں حصہ نہیں لیاجس کا اعتراف اس کے وکیل باربار کرتے رہے اور دوسرا یہ کہ انتخابی نشان واپس لیناکس قدردرست یاغلط فیصلہ تھا ، جسٹس منیب اختر،جوسپریم کورٹ کے سینئر ججزمیں شمارکئے جاتے ہیں ،نے عجیب ریمارکس دیئے کہ سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والوں کاغذات نامزدگی میں خود کوپی ٹی آئی امیدوار ظاہرکیااوران کے کاغذات بطورپی ٹی آئی امیدوار منظورہوئے اور لوگ منتخب ہوگئے لہذا الیکشن کمیشن انہیں کیسے آزادامیداورقراردے سکتاہے،معززجج صاحب کا یہ سوال ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتاہے الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اس نے انٹراپارٹی الیکشن الیکشن ایکٹ نہ کرانے پرپی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لیاجسے بعدازاں سپریم کورٹ نے بھی برقراررکھا،جج حضرات کو اس بات کابخوبی علم ہوگا کہ اگرکسی سیاسی جماعت کے پاس انتخابی نشان نہ ہوتو اس کے حامی پارٹی ٹکٹ نہیں بلکہ آزادحیثیت سے انتخابات میں حصہ لیتے ہیں اور ایساہی ہوا،بہرحال یہ ایک آئینی معاملہ ہے اس میں آئین کی تشریح ہونی ہے سپریم کورٹ کا یہ بنچ امیدہے کہ وہ کام نہیں کرے گا جو ماضی میں سابق چیف جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں ایک بنچ نے کیاتھا کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی ایسی تشریخ کی تھی جس سے یہ تاثرپیداہواتھاکہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے آئین دوبارہ لکھاگیاہے،اس فیصلے کو قانونی ماہرین نے شدیدتنقید کانشانہ بھی بنایاتھا ،دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف چین کے اہم دورے پر شینز ن پہنچ گئے ہیں جہاںوہ پاک چین انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کریں گے یہ پہلاموقع ہے کہ پاکستان سے 110 بڑے بزنس مینوں کا وفدچین کے دورے پر گیاہے،چین ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست ثابت ہوا عالمی فورمزہوں یاپاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کامعاملہ ہو،بیجنگ نے ہمیشہ اسلام آبادکاساتھ دیاچاہے پاکستان کے اندرکوئی بھی حکومت آجائے چین کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر مکمل اتفاق رائے رہتاہے،تاہم تحریک انصاف کے دورمیں سی پیک منصوبے پر کچھ غلط فہمیاں پیداہوئی تھیں جو اب کافی حد تک دورہوگئی ہیں ،چین پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کوتیارہے چینی حکومت اور سرمایہ کاروں کا صرف ایک سکیورٹی کے حوالے سے خدشہ ہے حال ہی میں بشام میں جو خطرناک واقعہ پیش آیاتھا اس میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگالیاگیاہے،افغانستان سے مداخلت کی جاتی ہے اور پاکستان کی حکومت نے طالبان حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیاہے ،چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزیدبہتربنایاگیاہے ،شہبازشریف کا دورہ چین کئی حوالوں سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کو چینی میڈیابھی خصوصی اہمیت دے رہاہے،بھارت میں انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ہیں جن میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی نشستیں 294 اور کانگریس کی سربراہی میں قائم اتحادنے 230 نشستیں حاصل کی ہیں بھارتی آئین کے تحت حکومت بنانے کیلئے 272نشستوں کی حمایت درکارہوتی ہے لگتا ہے کہ نریندرمودی تیسری مرتبہ وزیراعظم بن جائیں گے لیکن 400 نشستیں حاصل کرنے کا ان کا دعویٰ پورا نہیں ہوااورنہیں بڑا سیاسی دھچکالگاہے ،کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے گزشتہ انتخابات کی نسبت اس بار 130سے زائد نئی نشستیں حاصل کی ہیں ،راہول گاندھی نے انٹیلی جنس ایجنسیوں ،گرفتاریوں ،سرکاری مشینری کے استعمال کاالزام لگایاتاہم الیکشن کے نتائج کو انہوں نے تسلیم کیاہے،مودی کے تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعدپاکستان اور خطے کے حالات کے حوالے سے ابھی کوئی پیش گوئی کرناخاصامشکل ہے بھارت پاکستان کا دشمن ہے پاکستان کی حکومت ،عوام اور اداروں کو الرٹ رہناہوگا ملک کے اندرجاری سیاسی کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کسی بھی چال کوناکام بنایاجاسکے۔
مخصوص نشستیں کیس،ججزنے کئی سوالات اٹھادیئے








