بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ کے ججز کیلئے 3ناموں کی منظوری دیدی

اسلام آباد(ممتازنیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں تین ججز کی خالی نشستوں پر تقرری کے معاملہ پر ناموں کی منظوری دیدی گئی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی اور لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بلال کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی گئی ہے،سپریم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہوا ۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے تینوں ججز کے ناموں کی منظوری دیدی۔جوڈیشل کمیشن نے حتمی منظوری کیلئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا جہاں پارلیمانی کمیٹی کی منظوری کے بعد تینوں ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا اعلان کیا جائے گا۔یادرہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ججز تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس7جوان کو طلب کیا تھا۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ میں 3 ججز کی تقرری کیلئے 9 ججز کے ناموں پر غورکرنے کا بتایاگیاتھا۔

ججز کی تقرری کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے 6 ججز کے نام زیر غور لائے جائیں گے۔ سندھ ہائی کورٹ کے 3 ججز کے نام بھی سپریم کورٹ میں تعیناتی کیلئے زیر غور آئینگے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد کا نام بھی زیر غور ناموں میں شامل تھا جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی کے نام پر بھی ملک کی اعلی عدالت میں تعیناتی کیلئے غور کیا جائیگا۔
سپریم کورٹ میں تقرری کیلئے ججوں میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد کے علاوہ سینئر 6 ججز جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال اور جسٹس عابد عزیز شیخ کے نام بھی شامل تھے۔اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس نعمت اللہ پلپوٹو کا نام سپریم کورٹ میں تقرری کیلئے نامزد ججوں میں شامل تھے۔