بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یاسین ملک کو ثبوت اور گواہی کے بغیر سزا دے کر انصاف کا گلا گھونٹا گیا ،الطاف احمد بٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حریت کانفرنس کے رہنما اورجموں کشمیرسالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے بھارتی عدالت کی جانب سےحریت رہنماء یاسین ملک کو عمرقید سنائے جانے پرشدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی ہتھکنڈے تحریک آزادی کشمیرکوکچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے،آزادی کی جوشمع کشمیری مسلمانوں نےاپنےخون سے روشن کی ہے اسے بجھانا غاصب بھارتی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے،حریت رہنماء کوسزا پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی ممالک، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور تمام انسانیت کو اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی۔جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے کہا کہ یاسین ملک کیس میں ثبوت اور گواہی کے بغیر سزا دے کر انصاف کا گلا گھونٹا گیا ہے،بھارتی کٹھ پُتلی عدالت کا یکطرفہ فیصلہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، یاسین ملک کے خلاف عدالتی فیصلے نے بھارت میں نام نہاد عدالتی نظام کو بےنقاب کر دیا ہے ،یکطرفہ انصاف نام نہاد اور فاشسٹ بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے،بزدل بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے یاسین ملک کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی، وہ ملک ،مظلوم کشمیریوں کی مضبوط آواز ہیں جسے دبانا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرکے حق اور سچ کا پرچم سربلند کیا،اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔الطاف احمد بٹ نے کہاکہ یہ ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے لیکن مقام افسوس ہے کہ عالمی برادری نے اس کیخلاف قابل ذکر آواز بلند نہیں کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کے رکن ممالک اس واقعہ کے خلاف آواز اٹھائیں اور بھارت کے خلاف سخت پابندیاں لگاتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔