بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں ہرالیکشن پراعتراض،تاریخ پرانی ہے

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی ذمہ داری عدلیہ پر ڈال دی ہے اورکہا ہے کہ آراوز اور ڈی آر اوزکی تقرری کیلئے جب عدلیہ سے نام مانگے گئے تھے تو اس وقت الیکشن کمیشن سے تعاون نہیںکیا گیا ،8فروری کے انتخابات جب سے ہوئے ہیں تحریک انصاف سمیت متعدد جماعتیں مبینہ دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کر رہی ہیں، تحریک انصاف جہاں اسٹیبلشمنٹ پر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگاتی ہے وہیں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کو بھی برابرکا ذمہ دار قراردیتی ہے ، یہ پہلا موقع ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے اس معاملے پر لب کشائی کی ہے اور 2024کے انتخابات میں ہونے و الے واقعات اور پیچیدگیوں کا بالواسطہ طور پر عدلیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ، گوکہ انہوں نے یہ بات انتخابات میں تین حلقوں کے کامیاب امیدواروںکی الیکشن ٹربیونل پر اعتراضات کی درخواست کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہی ، پاکستان میں ایسا کوئی بھی الیکشن نہیں آیا جس پر اعتراضات نہ کئے گئے ہوں، بیوروکریسی نے بطور آراو اور ڈی آر او دو الیکشن کرائے ہیں ، ایک الیکشن 1977میں ہوا جس میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو پر دھاندلی کے الزامات عائد کئے گئے ، پی این اے نے احتجاجی تحریک چلائی جس کے دوران پرتشدد واقعات ہوئے اور جنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء لگایا اور بھٹو کو پھانسی کے تختے پر لٹکایا گیا ، 11سال تک پاکستان جمہوریت سے محروم رہا، دوسرے الیکشن جو بیوروکریسی کی نگرانی میں الیکشن کمیشن نے کرائے وہ 2024کے ہیں ،اگر جائزہ لیا جائے تو 1990،1993،1997،2002،2013,2008اور2018کے انتخابات عدلیہ کی زیر نگرانی کرائے گئے تاہم ان میں بھی دھاندلی کے سنگین الزامات عائد ہوئے ،صدر آصف زرداری نے 2013کے الیکشن کو آراوز الیکشن قراردیا اورعمران خان نے دھاندلی کے الزامات لگا کر تحریک چلائی ، دھرنا دیا، 2018کے انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ سابق اسٹیبلشمنٹ اور سابق عدلیہ کی ملی بھگت سے ہوا جس کا مقصد نوازشریف کو اقتدار سے محروم کرنے کے بعد ن لیگ کو اقتدار سے باہر رکھنا اور عمران خان کو اقتدار میںلانا تھا اور بعد ازاں یہ بات ٹھوس شواہدکیساتھ سامنے آئی کہ کس طریقے سے دھاندلی کی گئی ، موجودہ الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمان اعتراضات کرتے ہیں ، چیف الیکشن کمشنرکی یہ بات درست ہے کہ الیکشن سے پہلے انہوں نے اس وقت کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو یہ درخواست دی تھی کہ عدلیہ سے آر اوز اور ڈی آر اوزکی فہرستیں دی جائیں تاکہ عدلیہ سے ریٹرنگ افسر تعینات کئے جائیں لیکن الیکشن کمیشن سے تعاون نہیںکیا گیا مگر 8فروری کے الیکشن میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن بعض معاملات میں بے بس اور لاچار بن گیا تھا ۔ن لیگ کے صدر نوازشریف ایک مرتبہ پھر متحرک ہونا شروع ہوگئے ہیں اور انہوں نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے متعلق کچھ باتیں سینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہیں ، نوازشریف نے عمران خان کو ضدی اور روٹھا ہوا شخص قراردیا اورکہا کہ انہیں اگر ایک کی بجائے دو اے سی جیل میں دے دیے جائیں توکوئی اعتراض نہیں ہوگا ، نوازشریف کا خطاب گزشتہ رات مری میں ہوا تھا جو تقریباً ایک گھنٹے سے زائدکا تھا، ن لیگ کی میڈیا ٹیم نے ان کے خطاب کو ایڈٹ کر کے ٹی وی چینلز پر چلوایا ، بعض باتیں اور سینیٹرزکے سوالات نکال دیے گئے ، ایک سینیٹر نے نوازشریف کو تجویز دی کہ ملک کو بحران سے نکالنے اور سیاسی استحکام کیلئے عمران خان سے مذاکرات ہونے چاہئیں اور سپریم کورٹ نے ایک سیاستدان کو بھی ایسا ہی مشورہ دیا ہے جس پر نوازشریف نے کہا اصولاً تو یہ ہوتا ہے کہ سیاسی رہنما ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں ، بینظیر بھٹو سے شدید اختلافات کے باوجود 2006میں میثاق جمہوریت کیا ، میں خود 2014میں عمران خان کے پاس چل کرگیا جو تجربہ اچھا نہیں تھا ، اب عمران خان خود اور ان کی پارٹی کے رہنما بار بار یہ کہتے ہیںکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے کوئی بات نہیںکریں گے، ہم زبردستی کیسے ان سے بات چیت شروع کریں، یہ فقرہ تقریر سے نکال دیا گیا ، نوازشریف نے یہ بات بھی کہی تھی کہ یہ آخری موقع ہے ہمیں ڈیلیور کرنا ہوگا، عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے ، میاں نوازشریف نے مہنگائی کا ذکرکیا ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کے معاملے پر بھی بات کی، شہبازشریف اور مریم نوازکی کوششوں سے کسی حد تک مہنگائی میںکمی آئی ہے لیکن جتنی مہنگائی بڑھی ہے اتنی جب تک کمی نہیں آتی عوام مکمل طور پر مطمئن نہیں ہوں گے ، معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے ملک میں فضاکو بہتر بنانا ہوگا ، نوازشریف کو چاہیے دوبارہ پارٹی کمان سنبھالنے کے بعد لاہور سے باہر نکلیں، جنوبی پنجاب جائیں وہاں کے حالات کا جائزہ لیں، خیبرپختونخوا ضرور جائیں وہاں ن لیگ بڑی کمزور پوزیشن میں ہے ، امیر مقام نے اپنے طور پر بہت کوششیں کیں لیکن حالات اتنے خراب ہوئے کہ ن لیگ کوکافی نقصان ہوا، سندھ میں ن لیگ بہت کمزور ہے وہاں جانے کی بھی ضرورت ہے ، نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کی دوسری مرتبہ تعریف کی ہے ، شاہد خاقان عباسی نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں اور ان کی بہن سعدیہ عباسی ابھی تک ن لیگ کا حصہ ہیں ، اگر یہی حکمت عملی تعریف کرنے والی نوازشریف الیکشن سے پہلے اپنا لیتے تو شاہد خاقان اتنے دور نہ ہوتے اور نہ ہی سردار مہتاب عباسی کی ناراضی کے باعث مرتضیٰ جاوید الیکشن نہ ہارتے ، اب بھی وقت ہے کہ نوازشریف ناراض سینئر مسلم لیگی رہنمائوں کو منا کر واپس لے آئیں ، پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔