بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عید کے آخری روز بھی جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری، قصائیوں نے نرخ کم کردیے

عید الاضحیٰ کے تیسرے اور چھٹی کے آخری روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں ملک بھر میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قصائیوں نے نرخ کم کردیے۔

عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے تیسرےروز بھی صبح سے ہی لوگ جانور قربان کیے جا رہے ہیں۔

عید کے پہلے 2 روز منہ مانگے ریٹ مانگنے والے قصائیوں کے نخرے ختم ہو گئے اور آج کم پیسوں پر بھی جانور گرانے کو تیار ہیں۔

اسی طرح عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے کہیں سیر سپاٹے تو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے، بچوں نے بھی اپنے پلان تیار کر لیے ہیں۔

بعض شہریوں نے گوشت کو مسالہ لگوا کر تیار کروانے کے لیے دکانوں کا رخ کر لیا، دوستوں عزیزوں کے ساتھ بیٹھک، دعوتیں، چٹ پٹے کھانوں سے دسترخوان سجیں گے، بریانی، پلاؤ، کڑھائی اور بار بی کیو کا اہتمام کیا جائے گا۔

منچلے کہیں نہر تو کہیں دریا کنارے اور کہیں پہاڑوں پر دوستوں کے ساتھ تکہ پارٹی میں مصروف ہیں تو بچے اور بڑے گرم موسم میں ٹھنڈی ٹھار آئس کریم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عید کے پہلے اوردوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد خواتین نے کچن کو سنبھالا، مزے مزے کے کھانے بنائے، کسی نے نہاری، کلیجی بنائی تو کہیں قورمہ اور پلاؤ پکایا گیا، جہاں گھروں میں لذیز کھانے بنتے رہے وہیں پیارے جانور قربان ہونے پر بچے افسردہ دکھائی دیے۔

عید کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔

قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔