پاکستانی معروف گلوکار و قوال راحت فتح علی خان نے اپنی پسندید غذا اور گلوکار سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر راحت فتح علی خان نے اپنے بیٹے شاہ زمان علی خان کے ہمراہ نجی ٹی وی کی خصوصی ٹرانسمیشن میں شرکت کی۔
اس دوران معروف گلوکار نے سامعین کے کانوں میں جہاں اپنی آواز کے ذریعے رس گھولا وہیں انہوں نے اپنی ذات سے متعلق دلچسپ سوالات کے جواب بھی دیے۔
گلوکار راحت فتح علی نے اپنی پسندیدہ غذا سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے گوشت کھانا بہت پسند ہے، گوشت چاہے کسی بھی سبزی کے ساتھ بنا ہوا ہو شوق سے کھا لیتا ہوں۔
اُن کا کہنا ہے کہ کریلے گوشت، پیاز گوشت دھنیہ گوشت، گوشت جس طرح کا بھی ہو وہ بے حد پسند ہے۔
دوسری جانب شاہ زمان علی خان نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ والد کے لیے بریانی بھی بکرے کے گوشت میں بنتی ہے۔
شاہ زمان نے اپنی پسندیدہ غذا سے متعلق کہا کہ مجھے کریلے گوشت باقی کھانوں سے زیادہ پسند ہیں۔
راحت فتح علی خان نے اپنے پسندیدہ گلوکار سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اپنے والد استاد فرخ فتح علی خان کا نام لیا۔
اُن کا کہنا ہے کہ میں نے دنیا کو سُن رکھا ہے، مجھے جو گلوکار پسند ہے وہ استاد نصرت فتح علی خان (راحت فتح علی خان کے چاچا) سے بھی بہترین گاتے تھے، مجھے استاد فرخ فتح علی خان (اپنے والد) بہت پسند ہیں۔
راحت فتح علی خان نے بتایا کہ پاکستان سے باہر مجھے گلوکار ٹیڈی سویم بہت پسند ہے، ٹیڈی سویم کو سننے کے لیے میری بیٹی نےمجھے آمادہ کیا تھا۔
پاکستان کے ہردلعزیز گلوکار راحت فتح علی کا کہنا ہے کہ ٹیڈی سویم واقع میں بہت کمال گاتا ہے۔









