بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی حاجیوں کی واپسی کا شیڈول جاری

فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی عازمین کی واپسی کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کل سے 21 جولائی تک جاری رہے گا۔

مناسک حج کی ادائیگی کے آخری دن بیشتر حجاج کرام تینوں جمرات کی رمی کے بعد منیٰ سے رخصت ہو کر مکہ مکرمہ پہنچنے لگے ہیں۔

مقامی حجاج نے جدہ، مکہ مکرمہ، طائف، مدینہ منورہ، ریاض اور دیگر شہروں کی طرف روانگی شروع کردی۔

منیٰ سے مکہ مکرمہ اپنی رہائش گاہ واپسی کے بعد حجاج اب مدینہ منورہ جائیں گے، مسجد نبوی میں نمازیں ادا کریں گے اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دیں گے۔

حجاج مسجد قباء، مسجد قبلتیں، سباء مساجد اور مقدس مقامات کی زیارت بھی کریں گے، تقریباً 20 فیصد حجاج منیٰ میں قیام کریں گے اور رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستانی حجاج کی واپسی کا سلسلہ کل سے شروع ہوجائے گا، ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے بعد ازحج آپریشن کا آغاز 20 جون سے ہوگا جو 21 جولائی تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل حج آپریشن کا آغاز 9 مئی کو ہوا جو 11 جون تک جاری رہا، حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔

سکھر اور کوئٹہ سے عازمین حج نے براستہ کراچی جدہ کا سفر کیا، 171 پروازوں میں سے 126 پروازیں وقت پر روانہ ہوئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ قبل ازحج آپریشن میں 45 پروازیں موسم کی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔