بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر کے شہری کی بازیابی: سیکرٹری دفاع کو تو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیا ہورہا ہے، عدالت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے شہری کی بازیابی کیس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی سیکٹر کمانڈرز کو دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری دفاع کو تو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیا ہورہا ہے، دونوں افسران کے دستخط کے ساتھ رپورٹ اس لیے لے رہے کہ اسکے نتائج ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آزاد کشمیر کے شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت پولیس اور ایف آئی اے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ پولیس کے پاس خواجہ خورشید کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے وزارت دفاع کی رپورٹ سے متعلق پوچھا تو نمائندہ وزارت دفاع نے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ کل نوٹس موصول ہوا تھوڑا وقت دے دیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آئی ایس آئی اور ایم آئی سیکٹر کمانڈرز کے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرائیں، سیکرٹری دفاع کو تو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیا ہورہا ہے، دستخط کے ساتھ رپورٹ اس لیے لے رہے ہیں کہ اس کے نتائج ہوں گے۔

نمائندہ وزارت دفاع نے پیر تک مہلت کی استدعا کی تو جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا کہ پیر کو خالد خورشید کو 21 دن ہوجائیں گے، کسی دہشت گردی یا ریاست مخالف سرگرمی میں شامل ہے تو اس کے خلاف کارروائی کریں، اگراس کا کوئی مجرمانہ فعل ہے تو کارروائی کریں، کسی کواعتراض نہیں ہوگا۔

عدالت نے سماعت 24 جون تک ملتوی کردی ۔۔