بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

FBR اگلے مہینے سے مارکیٹ ریٹ کے 90 فیصد تک جائیدادوں کی قیمت بڑھائے گا، سینیٹ پینل کو بریفنگ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)اگلے ماہ جائیدادوں کی ویلیو ایشن میں 90 فیصد تک اضافہ کیا جائیگا، ایف بی آر کا ریٹیلرز کے لئے ایک آسان اسکیم متعارف کرانے کا بھی ارادہ۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے سینیٹ پینل کو بتایا کہ اگلے ماہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے ذریعے بڑے شہروں میں جائیدادوں کی ویلیوایشن کو مارکیٹ ریٹ کے 75 فیصد سے 90 فیصد تک لایا جائے گا۔ ایف بی آر ریٹیلرز کیلئے ایک آسان اسکیم متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جیسا کہ تاجر دوست اسکیم کی رضاکارانہ مدت کے دوران یہ بری طرح ناکام رہا کیونکہ صرف 78 خوردہ فروشوں نے رجسٹریشن کروانے کو ترجیح دی۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ پینل اجلاس کے بعد صحافیوں کے منتخب گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ ہر قیمت پر منظور کیا جائے گا اور نجکاری کے محاذ پر بھی ایسا ہی ہوگا۔ ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو (آئی آر) آپریشن میر بادشاہ وزیر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران کہا کہ ہم بجٹ 2024-25 کی منظوری کے بعد جلد ہی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافے پر نظر ثانی کرنے جا رہے ہیں۔ ایس آر او (قانونی ریگولیٹری آرڈر) جولائی 2024 میں جاری کیا جائے گا اور یہ ایف بی آر کی ویلیوایشن ریٹ کو موجودہ 75 فیصد سے بڑھا کر کم از کم 90 فیصد کر دے گا۔ سینیٹر سرمد علی نے حکومت سے نیوز پرنٹ پر 10 فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دلیل دی کہ میڈیا انڈسٹری پہلے ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہے اس لیے اسے واپس لیا جائے۔ تاہم سینیٹ پینل نے نیوز پرنٹ پر 10 فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کی سفارش کی۔ ایف بی آر کے ممبر نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور اس نے جانے والے مالی سال میں 15 لاکھ نئے ٹیکس فائلرز کو شامل کیا ہے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس فائلرز کی تعداد 45 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ ٹیکس مشینری نے جعلی/فلائنگ انوائسز کی شکل میں 756 ارب روپے کے مبینہ ٹیکس فراڈ کا پتہ لگایا اور 70/80 افراد کو گرفتار کیا۔