اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امورراناثناء اللہ نے کہاہے کہ حکومت کی بالکل کوشش ہوگی بانی پی ٹی آئی کو جتناممکن ہوسکے اندررکھاجائے تاہم اگر وہ باہر بھی آجاتے ہیں تو کوئی طوفان نہیں آجائے گا،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ کیس پرکیس ہمارے خلاف بھی بنتے رہے ہیں ،بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالت سے ہوئی ہیں،ہم بانی پی ٹی آئی کوزبردستی نہیں آئین وقانون کے مطابق اندر رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کسی کو ملک کو نقصان پہنچانے کا مینڈیٹ نہیں ملا،ووٹ اورمینڈیٹ ہمیں بھی ملاہے لیکن افراتفری پھیلانے کانہیں،پی ٹی آئی کا بیانیہ ہی ملک کو غیرمستحکم کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر بانی پی ٹی آئی سیاست دان بنے تو ہمیں اس کی ذات سے کوئی دشمنی نہیں ،تاہم وہ ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیںنہ جمہوریت پر۔انہوں نے کہاکہ ہم بانی پی ٹی آئی سے کہتے رہے آؤبات کریں لیکن و ہ ہاتھ ملانے کو تیارنہیں تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مخصوص نشستیں جن پارٹیوں کو مل چکی ہیں قانونی طور پر انہی کا حق بنتا ہے، اگر ضرورت پڑی تو الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف ہر فیصلہ نواز شریف کی مشاورت سے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی عدم اعتماد کے وقت قمر جاوید باجوہ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، محمد زبیر نے اندازے کی بنیاد پر بات کی جو غلط ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہمارا موقف تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے نیوٹرل ہوئے بغیر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوسکتی۔ جب ہمیں پتا چلا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوگئی ہے تو پھر لوگوں کو بھیج کر رائے لی۔
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کی جنرل باجوہ سے ملاقاتیں ہوتی تھیں کیونکہ وہ ایک ادارے کے سربراہ تھے، اسٹیبلشمنٹ کے لوگ اسی ملک میں رہتے ہیں اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لندن پلان والی بات میں کوئی وزن نہیں، یہ پی ٹی آئی کا بیانیہ تھا، مسلم لیگ ن نے محمد زبیر سمیت کبھی کسی کو پارٹی سے نہیں نکالا، ہم نے تو شاہد خاقان عباسی کو بھی پارٹی سے نہیں نکالا، وہ خود نکل گئے۔








