بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان میں دہشتگردوں کے اڈے بنانے کا منصوبہ ناکام، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر نصر اللّٰہ گرفتار

بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے اڈے بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کے سربراہ دہشت گرد نصر اللّٰہ عرف مولوی منصور کو گرفتار کر لیا گیا۔

وزیرِ داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی جس کے دوران گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کا ویڈیو بیان بھی نشر کیا گیا۔

ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کا کہنا ہے کہ میں آپریشن ضربِ عضب کے دوران افغانستان فرار ہو گیا تھا، میں نے پاک افغان بارڈر پر پاک فوج کی پوسٹوں پر تخریبی کارروائیاں کیں۔

گرفتار دہشت گرد کمانڈر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تخریبی کارروائیاں کیں، بی ایل اے ٹی ٹی پی اتحاد کا ہدف اغواء برائےتاوان سے گمشدہ لوگوں کابیانیہ بنانا بھی ہے۔

گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ نے بتایا کہ مولوی نور ولی محسود سمیت ٹی ٹی پی کی تمام قیادت بھی افغانستان میں موجود ہے، بی ایل اے مجید برگیڈ کا کمانڈر بشیر زیب بھی افغانستان میں ہے۔

ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کا تمام پیسہ بھارتی دہشت گرد ایجنسی ’را‘ سے آتا ہے، نور ولی محسود بی ایل اے کمانڈر بشیر زیب سے کابل کے بھارتی سفارس خانے میں ملتا رہا ہے۔

گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کے مطابق خوارجیوں کے کمانڈر نور ولی کے پیچھے عبوری افغان حکومت ہے، بشیر زیب اور نور ولی افغانستان میں آزاد گھومتے ہیں۔

ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ نے بتایا کہ نور ولی دوسروں کے بچوں کو خودکش حملے سے جنت پہنچانے کا فتویٰ دیتا ہے، نور ولی اپنے 9 بچوں میں سے کسی کو بھی جنت بھیجنے کے لیے استعمال کیوں نہیں کرتا؟

گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اپنی گزشتہ زندگی اورٹی ٹی پی خوارج سے وابستگی پر نادم ہوں، اللّٰہ اور ان تمام لوگوں سے معافی چاہتا ہوں جنہیں میرےنام نہاد جہاد سے نقصان پہنچا۔

ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد کمانڈر نصر اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہت سے ’گمشدہ‘ لوگ افغانستان میں موجود ہیں، پاکستان مخالف دہشت گرد افغانستان میں آزاد گھومتے ہیں۔