بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی پی ٹی آئی کو مشکلات ہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے میثاق جمہوریت پر اتفاق کیا، اب میثاق معیشت پر بھی اتفاق ہونا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی پہلی تقریر میں یہ بات کی تھی کہ ہم نے میثاق جمہوریت پر اتفاق کیا، اب میثاق معیشت پر بھی اتفاق ہونا چاہیے، حالانکہ حکومت ان کی تھی، نہ صرف میری اس پیشکش کو ٹھکرایا گیا بلکہ اس ایوان میں جو نعرے بلند ہوئے وہ تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب میں یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے تو یقیناً انصاف کا پلڑا ہر وقت بھاری رہنا چاہیے، چاہیے وہ کوئی سیاسی رہنما ہو یا پھر زندگی کے کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتا ہو، جب کہ اگلے سال میں نے اپنی بجٹ تقریر میں ایک بار پھر پیشکش کی کہ آئیں دوبارہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، اور پھر ایسے نعرے بلند ہوئے جن کا ذکر کرنا اس ایوان کی توہین ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج تلخیاں جس حد تک پہنچ چکی ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے، آج 76 سال بعد ہم ایسی جگہ پہنچے ہیں کہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے بھی ججھکتے ہیں، اسی ملک میں وہ زمانہ تھا جب اسمبلی میں بہت تنقید اور مخالفت میں باتیں ہوتی تھیں لیکن سیاست دان ایک دوسرے کے دکھ اور سکھ میں شریک ہوتے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں کوئی مشکلات ہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں، اور بیٹھ کر معاملات کو طے کریں۔

انہوں نے کہا کہ علی محمد نے اپنی جذباتی تقریر میں جن باتوں کا ذکر کیا، کاش وہ یہ بھی ذکر کردیتے کہ جب میری والدہ کا انتقال ہوا تب میں جیل میں تھا، میں نے سپریٹنڈنٹ کو کہا کہ آج تاریخ ہے ، میری والدہ کا انتقال ہوا ہے اور ان کی میت لندن سے آنی ہے، میں درخواست لکھ دیتا ہوں کہ آج چھٹی دے دیں، جس پر انہوں نے کہا کہ آرڈر آیا ہے کہ آپ جائیں گے اور حاضری لگاکر واپس آجائیں گے۔