پنجاب اسمبلی نے مالی سال2024-25 کا فنانس بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ بل کی منظوری سے قبل حکومتی اور اپوزیشن اراکین، تنخواہوں میں اضافے کیلئے متعلقہ اتھارٹی کے تعین کے معاملے پر ایک پیج پر آگئے۔
صوبائی وزیر خزانہ کی جانب سے پیش کیا گیا پنجاب فنانس بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اسپیکر ملک محمد احمد خان نے فنانس بل پر دستخط کر دیے۔ جس کے بعد پنجاب فنانس بل 2024 گورنر پنجاب کو منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور الاونسز میں اضافے کیلئے اتھارتی کے تعین کا نقطہ اٹھایا تو حکومتی بینچز نے بھی حمایت کی۔ رانا آفتاب نے نقطہ اٹھایا کہ اسپیکر اس ایوان کا کسٹوڈین ہے، یہ اسپیکر کا استحقاق ہے کہ وہ حکومت سے بجٹ لیکر اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور الاونسز کا تعین کرے۔
سمیع اللہ خان سمیت دیگر حکومتی اراکین نے رانا آفتاب کے مؤقف کی تائید کی۔ جس پر اسپیکر نے رولنگ محفوظ کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور سے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی۔
اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے بجلی کے دو سو یونٹ کے استعمال کے بعد ٹیرف میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کی۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اسپیکر نے اجلاس جمعرات کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔
پنجاب اسمبلی: مالی سال 25-2024 کا فنانس بل کثرت رائے سے منظور








