بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عدت نکاح کیس کے فیصلہ کیخلاف تحریک انصاف کا ہائیکورٹ جانے کا اعلان

اسلام آباد : تحریک انصاف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں وکلا کے ذریعے چیلنج کریں گے،فارم 47کے وزیراعظم ، وزیراعظم نہیں وہ شہبازشریف ہیں، کل قومی اسمبلی میں شہبازشریف کو واضح کہا ہے،ہمارے لیڈران اور اسیران کی رہائی تک کسی کے ساتھ بات چیت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عالیہ حمزہ کے دستخط استعمال کیے جارہے ہیں، جیل میں ہمارے قیدیوں کو سہولتیں نہیں دی جارہیں، ہماری تحریک آگے اور تیزی سے چلے گی، ہم ہر جگہ مظاہرہ کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف کنول شوذب نے کہا ہے کہ آج عدالت نے انصاف کا قتل کیا، پاکستان کی 52فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اس عدالت نے خواتین کے بنیادی حقوق کو اچھالاہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بے بنیادکیس پر قید کیا ہوا ہے، رانا ثنااللہ نے کل کہا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بند رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے پلیٹ لیٹس گرتے تھے،گردے درد کرتے تھے،بانی پی ٹی آئی کو آج 47ڈگری کی گرمی میں قید رکھا ہوا ہے، ہم انصاف والے ہیں،قانون و انصاف کی پابندی کرتے ہیں۔
کنول شوذب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عدالتوں کا احترام کیا ہے،قانونی چارہ جوئی کی ہے، ہم اسلام آباد ہائی کورٹ سے اس کیس کو اسی آئین کے مطابق حل کرائیں گے، اسمبلی میں اصل نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کی بنتی ہے۔