بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی کی عدالت نے 2 انسانی اسمگلرز کو 17،17 سال قید اور 65 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی

راولپنڈی کی عدالت نے انسانی اسمگلرز فیض اللہ خان اور اسلام خان کو 17،17 سال قید اور 65 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی امجد علی شاہ کی عدالت میں استغاثہ کے وکیل محمد افضل خان جدون ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ عبدالرزاق سکنہ گرجا کے بیٹے عثمان رزاق اور بھتیجے شکیل کو ملازمت کا وعدہ کرکے اٹلی بھیجنے کا جھانسہ دے کر انسانی اسمگلر فیض اللہ خان اور اسلام خان نے 65 لاکھ روپے لیے۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان نے بچوں کو لیبیا پھنسا کر ساری رقم کیش کی صورت میں وصول کرلی، اور پھر بچے لیبیا سے لاپتا ہوگئے جن کے بارے میں تاحال کوئی علم نہیں۔
وکیل نے مزید دلائل دیے کہ ایف آئی اے نے دوران انکوائری ملزمان کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی رقم اور اور فون سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے۔
انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہاکہ قوی اطلاعات ہیں کہ یہ متاثرہ بچے بھی لیبیا کشتی سانحہ میں مارے جا چکے ہیں۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو 17،17 سال قید کی سزا سنانے کے علاوہ 65 لاکھ روپے جرمانہ وصول کرکے متاثرہ بچوں کے والدین کو دیے جانے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ تارکین وطن کی کشتیوں کو حادثات کی خبریں آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں۔ فروری 2023 میں جنوبی اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، مرنے والوں میں 12 بچے بھی شامل تھے۔
ڈوبنے والی کشتی میں سوار افراد کا تعلق پاکستان، افغانستان، صومالیہ اور ایران سے تھا۔ کشتی حادثے کے بعد کچھ افراد کی لاشیں فوری نکال لی گئی تھیں، جبکہ متعدد افراد لاپتا ہوگئے تھے۔
اس کے علاوہ 14 جون 2023 کو یونان کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 298 پاکستانیوں سمیت 500 سے زیادہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔