بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدا یت کی ہے کہ فی الفور پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کا عمل شروع کیا جائے، معاشی حالات ایسے اداروں کا بوجھ مزید برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کی تحلیل اور اسکے متبادل کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران دی ۔وزیراعظم کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حوالے سے لائحہ عمل اور اسکے متبادل کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی ادروں سے مکمل کروایا جائے گا۔ سرکاری تعمیر و مرمت کیلئے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم کو دی گئی بر یفنگ میں بتایا گیاکہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کیلئے ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے جاری عمل کی نگرانی میں بذات خود کرونگا۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احسن اقبال، احد خان چیمہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔