بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آواران: بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے پانچ بچے ڈوب کر جاں بحق

صوبہ بلوچستان کے ضلع آوارن میں بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے پانچ بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر آواران عائشہ زہری نےنجی ٹی وی کو بتایا ضلع آواران کی تحصیل جھاؤ کے علاقے سرمستانی پٹ میں جمع بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے پانچ بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل ہوئی بارش سے پانی جمع ہوا تھا اور بچے اس میں نہارہے تھے کہ ڈوب گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈوبنے والوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور پانچوں بچے ایک ہی خاندان سے ہیں جن کی شناخت 6سالہ رحمت اللہ، 6سالہ حور جان، ڈھائی سالہ بی بی سلمہ، 9سال کی حُسنہ اور 3سالہ عصمت کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان میں پانچ روز تک مسلسل بارش ہوئی تھی اور مشرقی بلوچستان کی کوہ سلیمان رینج میں اسی باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی دیکھنے کو ملی تھی۔

ضلع ژوب اور شیرانی میں ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ کو دنہ سر کے مقام پر بند کردیا گیا تھا جبکہ آوران تربت روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہا تھا اور طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی تھی۔