لاہور:سندھ کے شہر کشمور کے کچے علاقے میں پولیس نے آپریشن کر کے تین اغوا کیے گئے ہندو تاجر بازیاب کروا لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس آپریشن میں پولیس کو سندھ رینجرز کی بھی معاونت حاصل رہی۔ سندھ حکومت کے مطابق ہندو تاجروں کو بھیو گینگ سے آزاد کروایا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایس ایس پی کشمور اس آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
صوبائی وزارت داخلہ کے مطابق اس آپریشن میں ’بدنام زمانہ‘ خطرناک ڈاکو امداد عرف امدو بھیو اپنے بھائی نظیر عرف موالی میانداد سمیت ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس آپریشن میں پانچ مشتبہ ڈاکو بھی زخمی ہوئے ہیں جو اس کے بعد فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔
امداد بھیو غوثپور کے تین اغوا شدہ ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے اغوا اور پانچ بینک ملازمین کے اغوا کا ماسٹر مائینڈ تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو امدو پر 50 کے قریب اور ان کے بھائی پر 25 اغوا کاری، پولیس مقابلے، پولیس پکٹ پر حملے، ڈکیتی، قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم کے مقدمات تھے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ امدو بھیو اور ان کے بھائی کی لاشوں کو سول ہسپتال کندھ کوٹ منتقل کر دیا گیا۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں فرار ہونے والے زخمی ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں ’تین ہندو تاجر بازیاب‘








