اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں، 9 مئی کے واقعات میں بھی تحریک انصاف کو بیرونی مدد حاصل تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کو بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔ یہ ایسی جماعت ہے جو ریاست پر حملہ آور ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا محرم کے آغاز میں جلسہ کرنے کا فیصلہ مناسب نہیں تھا، یہ سیاسی افراتفری کے لیے جلسہ کرنا چاہ رہے تھے، انتظامیہ نے کسی بنیاد پر ہی جلسے کی اجازت واپس لی ہوگی۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ پی ٹی آئی جمہوریت پر یقین ہی نہیں رکھتی، 2014 سے 2024 تک انہوں نے ملک کی بہتری کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، یہ ہر قیمت پر اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عزم استحکام پر ہونے والی اے پی سی میں اتمام حجت کے طور پر پی ٹی آئی کو دعوت دینی چاہیے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ جب یہ ماحول کو بگاڑیں گے تو کیا کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم خلوص نیت کے ساتھ پی ٹی آئی کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں اور اس قضیے کا حل چاہتے ہیں لیکن ان کی نیت درست نہیں۔
دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں، رانا ثنااللہ کا 9 مئی کے حوالے سے نیا انکشاف








