بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: کرولا گینگ سے مقابلے میں خاتون جاں بحق، مظاہرین کا پولیس پر الزام

کراچی میں نیشنل ہائی وے پر 18 گھنٹوں سے اسٹیل ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے خاتون کے جاں بحق ہونے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہے، ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔

ٹھٹہ سے آنے والے ٹریفک کو پورٹ قاسم اور پھر مہران ہائی وے کی طرف موڑ دیا گیا، کراچی سے ٹھٹہ جانے والے ٹریفک کو پورٹ قاسم سے مہران ہائی وے موڑ دیا گیا جبکہ کاٹھور سے آنے والے ٹریفک کو سومار گوٹھ سے میمن گوٹھ موڑ دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کر رہے ہیں، مظاہرین پولیس پر مقدمہ درج کرانے کے لیے بضد ہیں۔

مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق خاتون کے کزن شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس موبائل نے پہلے ہماری کار پر پیچھے سے فائرنگ کی، پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے پھر کار پر سائیڈ سے فائرنگ کی۔

شاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے کے بعد پولیس وہاں سے چلی گئی، ہماری فیملی پر فائرنگ کرنے والے پولیس والوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا۔

مقتول خاتون کے کزن شاہد نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی تک نہیں ملی ہے، جب تک فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رکھیں گے۔