بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 موجود حالات میں فون ٹیپنگ ضروری،عمرا یوب بانی پی ٹی آئی کے فرمودات سن لیں،خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ فون ٹیپنگ کا معاملہ قانونی مراحل سے گزررہاہے، موجود حالات میں فون ٹیپنگ کی بالکل حمایت کروں گا،عمرا یوب اور دیگر لوگ اس معاملے پربانی پی ٹی آئی کے فرمودات بھی سن لیں ۔فون ٹیپنگ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ فون ٹیپنگ کی بالکل حمایت کروں گا ، نیشنل سکیورٹی کے معاملات پر یہ ضروری ہوجاتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جو جنگ لڑہےہیں اس میں یہ ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ عمرا یوب اور دیگر لوگ  فون ٹیپنگ پربانی پی ٹی آئی کے فرمودات سن لیں ،بانی پی ٹی آئی نے کہاتھاکہ میرے بھی فون ٹیپ ہوتےہیں اور ہونے چاہئیں،اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کامعاملہ اچھاچل رہاتھا،آج ان کے فالوورز کو وہی بات نفرت انگیز لگ رہی ہے ، اپوزیشن والے سب موسمی بٹیرے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مقاصدسب کے مختلف ہوتےہیں ، بلاول بھٹو جو کہہ رہے ہیں وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں، کوشش ہے کہ شکوے شکایات کم کریں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو وفاق میں وزارتوں کامسئلہ نہیں ہے۔

دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ جو لوگ کل تک فون ٹیپنگ کی تعریفیں کررہے تھے آج مخالفت کررہے ہیں، عمران خان اپنے دور حکومت میں تو اس کے فوائد بیان کررہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ امریکا اور برطانیہ میں بھی فون ٹیپنگ کی جاتی ہے، عمر ایوب ماضی کی باتیں کیوں بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ون پوائنٹ ایجنڈے پر اے پی سی بلائی ہے تاکہ تمام امور طے کر لیے جائیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے میٹنگ میں آپریشن کی حمایت کی جبکہ باہر آکر کوئی اور بات کی۔ ہم دہشتگردوں کے ساتھ لڑنا چاہتے ہیں یہ کہتے ہیں آپریشن نہ کرو۔
انہوں نے کہاکہ سیاستدان کم از کم دہشتگردی کے مسئلے پر تو اکٹھے ہوں، کب تک مائیں اپنے جوان بیٹوں کو قربان کرتی رہیں گی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی فائل ابھی بھی ٹیبل پر ہے، لیکن ہم نے جب جب ان کو مذاکرات کی آفر کی انہوں نے مسترد کردی۔