راولپنڈی:پشاور کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسزاورپولیس کا مشترکہ آپریشن، اہم کمانڈرسمیت تین دہشت گردہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں چارجوان بھی شہیدہوگئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق حسن خیل میں مشترکہ آپریشن خفیہ اطلاع پرکیاگیااس دوران مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمدہوا۔ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سرکی قیمت ساٹھ لاکھ روپے کی مقرر کررکھی تھی، وہ دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا اور کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا جو 26 مئی 2024 کو شہید ہوئے تھے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی محمد ادریس (عمر 34 سال، رہائشی ضلع صوابی)، سپاہی بدام گل (عمر 34 سال، رہائشی ضلع کوہاٹ) اور سب انسپکٹر تاجمیر شاہ، (عمر 38 سال، رہائشی ضلع پشاور) اورسی ٹی ڈی کے پی کے کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم (عمر 34 سال، ساکن ضلع مانسہرہ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔







