بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں تو ریویو فائل کریں گے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ہی ملنی چاہئیں، اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملتی تو ریویو فائل کریں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید تو یہی تھی کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں مختصر فیصلہ آئے گا، فل کورٹ میں ججز کی رائے لی جاتی ہے،ہمیں امید ہے کل مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ہی ملنی چاہئیں، ہم نے قانون کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا ہے اور آرٹیکل51کہتا ہے کہ مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے ساتھ ملیں گی۔
سرٹیفکیٹ دینے کے باوجود آر او نے سنی اتحاد کونسل کانشان الاٹ نہیں کیا، سنی اتحاد کونسل ایک پارلیمانی پارٹی ہے جس کو ہم نے جوائن کیا اور آئین کے مطابق منتخب رکن اسمبلی کسی بھی سیاسی جماعت کو جوائن کرسکتا ہے ، اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں تو ریویو فائل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم ملک کی خاطر اے پی سی میں جائیں گے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں،ہم ملک کیلئے سوچ رہے ہیں، اس وقت ہمارے بہت سارے کیسز پینڈنگ ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ، ہماری پولیٹیکل کمیٹی سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مشورے سے فیصلے کرتی ہے ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا وژن لوگوں تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں سے متعلق فیصلہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی خود کریں گے، ہم پارٹی میں کوشش کرتے ہیں کہ ڈسپلن کو برقراررکھا جائے، کچھ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی زیادہ سے زیادہ جیل میں رہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے 190 ملین پاونڈ کیس سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں اس کیس میں کچھ نہیں ملے گا، اس کیس میں بانی پی ٹی آئی باقی کیسز کی طرح بری ہو جائیں گے۔
پرویزالہٰی کی طبعیت ٹھیک نہیں ، وہ پارٹی میں ہیں، صحت میں بہتری آئے گی تو وہ پارٹی میں آئیں گے۔