اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرآئیزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اس موقع پروزیراعظم نے کہاکہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے اسی لئے توانائی کے شعبے میں شمسی توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے بعد پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبوں کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کے لئے کام کریں گے ، وزیراعظم نے صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے بجلی چوری کے حوالے سے وزارت توانائی سے تعاون پرصوبائی حکومتوں کی تعریف کرتے ہوئے ملک بھر میں بجلی کی بلوں کے حوالے سے اسمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کروانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں بجلی کی ایک ایک تقسیم کار کمپنیوں کو اسمارٹ میٹرنگ کے حوالے سے ماڈل بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی
وزیراعظم کی زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے صوبوں کی مشاورت سے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت








