اسلام آباد(طارق محمودسمیر)سپریم کورٹ کے آٹھ اکثریتی ججزنے مخصوص نشستوںسے متعلق فیصلے میں پاکستان تحریک انصاف کو نہ صرف بطور سیاسی جماعت بحال کرنے بلکہ قومی وصوبائی اسمبلیوں میں 77نشستیں الاٹ کرنے کاحکم جاری کردیاہے،پانچ ججز نے اس فیصلے سے اختلاف کیاہے آٹھ ججز کا یہ فیصلہ کئی حوالوں سے بڑا سرپرائز فیصلہ قرار دیاجارہاہے ،اس فیصلینے پاکستان کی سیاست اور حکمران اتحاد کی منصوبہ بندی پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں،حکمران اتحادقومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت سے محروم ہونے کے علاوہ سیاسی واخلاقی طور پربھی کمزورہواہے ،تحرایک انصاف کا آج وہ ریلیف ملاجس کا انہوں نے مطالبہ بھی نہیں کیاتھا سنی اتحاد کونسل کی اپیل ایک طرح مستردکرکے ٹیکنکل گراؤنڈ بناکرآ ٹھ ججزنے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا،کئی قانونی ماہرین اسے آئین وقانون کے مطابق قراردے رہے ہیں جب کہ بعض ماہرین اور حکومتی وزراء کہہ رہے ہیں کہ نیاآئین لکھاگیاہے اور یہ آئین کے بجائے ایک سیاسی فیصلہ ہے، آٹھ فروری کے انتخابات کے موقع پر انٹرا پارٹی الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت نہ کرانے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لیاجسے پشاور ہائی کورٹ نے بحال کردیا اور اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرہوئی تو چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقراررکھااوراسی وجہ سے تحریک انصاف کے ارکان نے آزادحیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا،الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں کے حصول کے لئے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی گئی مگر سنی اتحادکونسل کو اس بنیاد پر الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں دینے سے انکارکردیاکہ ایک تو اس جماعت کے چیئرمین حامد رضانے خودآزادحیثیت سے الیکشن لڑا اوردوسری وجہ یہ کہ آئین وقانون کے مطابق مخصوص نشستو ں کی فہرست جمع ہی نہیں کرائی گئی تھی ،سپریم کورٹ میں یہ معاملہ اس وقت سناگیاجب وفاقی وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیرتارڑنے ایک ٹی وی انٹرویومیں وقت سے پہلے ایک ایساانکشاف کردیا کہ حکومت چیف جسٹس کی مدت میں توسیع کردی ہے اور چیف جسٹس کی مدت تین سال مقررکی جائے گی ،آئینی ترمیم کی جائے گی اس انٹرویوکے فوری بعد سپریم کورٹ نے سنی اتحادکونسل کی اپیل سماعت کے لئے مقررکردی ،مستقبل کے چیف جسٹس اور سینئر ترین جج منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ بناجس نے پہلے سماعت میں ہی مخصوص نشستوں پرکامیاب قراردیئے گئے ارکان کی رکنیت معطل کرکے لارجربنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیاچیف جسٹس نے لارجربنچ کے بجائے فل کورٹ تشکیل د ے دی،وزیرقانون کو اس انٹرویوکے بعد آج سوشل میڈیاپر بھی تنقیدکاسامناکرناپڑرہاہے کہ ان کے اس انٹرویوکی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی ،دیکھاجائے تو یہ تنقیددرست ہے آج کے فیصلے کے بعد ایک اور پہلودیکھنے کی ضرورت ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گرفت کمزورہوئی ہے اور بعض ایسے ججز ماضی میں ہونے والے چند فیصلوں میں چیف جسٹس کی رائے کا ساتھ دیتے انہوں نے جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس اطہرمن اللہ کا ساتھ دے کر اپنے چیف جسٹس کو کمزورکردیا اور آج سے سینئرترین جج منصور علی شاہ مضبوط ہوگئے،وزیرقانون یہ کہتے ہیںکہ آئین کو نئے سرے سے لکھاگیاہے ان کی اس بات میں بھی کافی صداقت ہیکیونکہ جسٹس عمرعطاء بندیال کے زمانے میں بھی پنجاب اسمبلی کے 20ایم پی ایز کے معاملے پراسی طرح کاایک فیصلہ دیاگیاتھا اور وہ بھی آئین سے ہٹ کردیاگیاتھا،مجھے تو12اکتوبر 1999کے بعد جب جنرل پرویز مشرف کے مارشل لاء کو غیرآئینی قراردینے کے لئے سینئر وکیل سیدظفر علی شاہ نے ایک رٹ پٹیشن دائر کی تھی اس کا بھی عجیب و غریب فیصلہ آیاتھااس وقت کے چیف جسٹس ارشاد حسن خان نے نظریہ ضرورت اور فوجی آمریت کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے پرویزمشرف کو تین سال تک حکومت کرکے الیکشن کرانے کے علاوہ فوجی آمرکوآئین میں ترامیم کا بھی اختیاردیاتھاحالانکہ پٹیشن میں ایساکوئی مطالبہ ہی نہیں کیاگیاتھاجس کہ سنی اتحاد کونسل کی اپیل میں یہ فیصلہ کیاگیاتھا نشستیں اسے دی جائیں ،ایک اوردلچسپ بات یہ ہے کہ تحریک انصاف کے وکیل سلمان اکرم راجہ سے عدالت میں پوچھاگیاتھا کہ کیاوہ یہ نشستیں تحریک انصاف کے لئے مانگ رہے ہیں تو انہوں نے کہاتھاکہ نہیں یہ نشستیں سنی اتحاد کونسل کوملنی چاہئیں۔
مخصوص نشستیں ،8ججز کاسرپرائز فیصلہ حکومت کے لیے دھچکا،پی ٹی آئی کوبن مانگے سب کچھ مل گیا








