اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے نیلم ،جہلم پراجیکٹ میں خرابیوں کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت نیلم،جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پراجیکٹ میں پیدا ہونے والی حالیہ خرابی کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی دائیں اور بائیں ہیڈ ریس ٹنل میں 29 اپریل 2024 کو فشار میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی اور 2 مئی 2024 کو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار مکمل بند ہو گئی ،منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ،جس جگہ موجودہ خرابی پیدا ہوئی ہے یہ راک برسٹ زون ہے ،پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران سال 2021 میں بھی ہیڈ ریس ٹنل میں فشار میں غیر معمولی کمی کے باعث منصوبے سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی لیکن فشار میں اس غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز کرتے ہوئے رپورٹ نہیں کیا گیا اور معاملے کو جان بوجھ کر دبا دیا گیا ،پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران 2021 میں نیلم- جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں ہوئی خرابی کے حوالے سے مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا جس سے نقصان میں اضافہ ہوتا رہا ؛ یہ ایک مجرمانہ غفلت تھی ،ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں 2021 میں پیدا ہونے والی خرابی کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے ،2022 میں منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں خرابی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار معطل ہوئی ،نیلم۔جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے جیو فزیکل اور سیسمک عوامل کو نظر انداز کیا گیا،ہیڈ ریس ٹنل کی مناسب کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی،منصوبے کی بر وقت تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نہیں کروائی گئی۔وزیراعظم نے نیلم ،جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی حالیہ بندش کے حوالے تحقیقاتی رپورٹ فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے پراجیکٹ میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے حوالے سے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم کی نیلم،جہلم پراجیکٹ میں خرابیوں کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت








