واشنگٹن (نیوز ڈیسک )امریکی کانگریس کے رکن روب وِٹ مین نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے اور ہم اقتصادی تعاون میں مزیدبہتری کے خواہاں ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو ان کے انتخاب پر نیک خواہشات کا پیغام دیا
اور مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کے لیے پاکستان جائیں گے۔یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (یو ایس پی آئی سی سی) کے چیئرمین صدیق شیخ، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل اور یو ایس پی آئی سی سی کے سیکرٹری جنرل ملک سہیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی تاجر برادری کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کی کوشش کریں گے اور معاملات کو مزید بہتری کی طرف لے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کا عظیم دوست ہے۔ یہ ایک بہت اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کو بہت زیادہ عزت دیتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی بڑھانے، افرادی قوت کی ترقی کو فروغ دینے اور تکنیکی تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، اور انجینئرنگ کے شعبوں کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں ۔صدیق شیخ، زبیر طفیل اور ملک سہیل نےرکن کانگریس کے علاوہ مختلف سرکردہ تاجروں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات دے رہے ہیں۔
انہوں نے فیئر فیکس کاؤنٹی کے چیئرمین جیف میکے سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فیئر فیکس کاؤنٹی میں مساوات، تعلیم، سستی رہائش، نقل و حمل، انفراسٹرکچر اور ماحولیات کی تعریف کی۔فیئر فیکس کاؤنٹی کے چیئرمین جیف میکے نے یو ایس پی آئی سی سی کے چیئرمین صدیق شیخ کی بے لوث خدمات کو سراہا اور تعلقات کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے صدیق شیخ، زبیر طفیل، ملک سہیل اور نجیب اسلم، کونسل ممبر یو ایس پی آئی سی سی کو اسناد سے بھی نوازا۔