بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بارشوں کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

گجرات میں بارشوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، گلیوں میں چار چار فٹ پانی کھڑا ہوگیا، ریلوے اسٹیشن، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، ضلعی کمپلیکس، مرکزی عیدگاہ بھی زیر آب آگئی، چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
گجرات میں طوفانی بارش کے بعد گلی محلے نہروں کا منظر پیش کرنے لگیں، چار، چار فٹ پانی کھڑا ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، جب کہ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کا قیمتی سامان بھی برباد ہوگیا۔
شاہ حسین، خواجگان روڈ، غریب پورہ روڈ، قمر سیالوی روڈ، چاہ بڈھے والا جیل چوک سمیت متعدد علاقوں میں ہر سو پانی ہی پانی جمع ہوگیا۔
ریلوے اسٹیشن ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، ضلعی کمپلیکس، تاریخی مرکزی عیدگاہ بھی زیر آب آگئے، میونسپل کارپوریشن، واپڈا دفاتر، اولڈ ڈی پی او آفس کے چاروں طرف بھی پانی کھڑا ہوگیا۔
سیوریج نظام کے ناکارہ ہونے پر شہریوں کا کہنا ہےکہ گجرات لاوارث ہوچکا ہے ہم پانی میں ڈوب رہے ہیں کوئی بچانے والا نہیں۔
گجرات کے علاقے کھٹالہ چناب میں ایک مکان کی بوسیدہ چھت طوفانی بارش سے گرگئی، حادثے میں اسی سالہ خاتون جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔