وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو وردی والوں سے بات کی گندی عادت لگی ہوئی ہے، کوئی بھی گفتگو ایوان میں ہونی چاہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سنا ہے عمران خان نئی نئی باتیں کررہے ہیں، یہ چاہتے ہیں جی ایچ کیو بات کرنے کے لیے بندہ بھیجے، ان کو عادت پڑی ہوئی ہے، ماضی میں بھی بگڑے ہوئے بچے کی طرح گود میں بیٹھے رہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ پہلے 9 مئی کا معاملہ کلیئر ہونا چاہیے کہ بغاوت کیوں کی، ایک سیاسی جماعت شہدا کے گھروں میں فاتحہ خوانی سے بھی گریز کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کی باتیں پہلے بھی ہوتی رہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ جب ہر شخص آئین کی اپنی تشریح کرے گا تو اہمیت نہیں رہے گی۔
وزیر دفاع نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اسپیشل قیدی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں، جبکہ ہمیں جیل میں یہ سہولتیں میسر نہیں تھیں۔
عمران خان کو وردی والوں سے بات کی گندی عادت لگی ہوئی ہے، خواجہ آصف








