بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایمان خلیف کے ساتھ ظلم ہوا، خاموش نہیں رہوں گی: شہزادی ریما بنت بندر

ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی رکن سعودی شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے کمیٹی کی 142 ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر الجزائر کی خاتون باکسر ایمان خلیف کی حمایت کردی۔ واضح رہے ایمان خلیف نے خواتین کی 66 کلو گرام سے کم کی کیٹگری کے باکسنگ مقابلے میں چین کی لو یانگ کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا ہے۔

اطالوی انجیلا کیرینی کے خلاف کوارٹرز فائنل میں فتح کے بعد ایمان خلیف کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی مقابلہ کرنے کی اہلیت پر سوالیہ نشان لگا دیا گیا تھا۔ سعودی شہزادی ریما نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اختتامی سیشن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایمان خلیف کے حوالے سے میڈیا میں جو کچھ چل رہا ہے میں اس پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور پیرس اولمپکس 2024 کے باکسنگ یونٹ کی جانب سے یکم اگست کو جاری مشترکہ بیان کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق واضح ہیں کہ ایمان خلیف ایک لڑکی کی طرح پیدا ہوئی تھی اور اس نے اپنی پوری زندگی ایک خاتون کے طور پر گزاری ہے۔ تاہم مشترکہ بیان میں حقائق واضح کرنے کے باوجود غلط۔ اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جاتی رہی ہیں۔ یہ تکلیف دہ اور ناقابل قبول ہے۔ یہ واقعی بہت افسوس ناک بات ہے۔

سعودی عرب کی شہزادی ریما نے مزید کہا کہ اپنے بچپن سے ہی الجزائر کے ایک پیارے گھرانے کی بیٹی کے طور پر ایمان خلیف نے اولمپک ایتھلیٹ بننے کے لیے پوری زندگی محنت کی ہے۔ اس نے جو راستہ اختیار کیا اس کے لیے مستعدی، استقامت اور بہت زیادہ عزم کی ضرورت ہے۔ ایمان خلیف نے بہترین خصلتوں اور صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔ اور یہی اولمپک گیمز کی خوبصورتی ہے۔

شہزادی ریما نے کہا کہ کسی کو بھی ایمان خلیف کی نسوانیت پر شک کرنے کا حق نہیں ہے ۔ گمراہ کن معلومات پھیلانا اس کی عزت پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ میں آج اس معزز کمیٹی کے سامنے یہ کہتی ہوں کہ یہ معاملہ خواتین کی حیثیت سے جاری نہیں رہ سکتا۔ اولمپک ایتھلیٹس کا ایک وقار ہے۔ ان خواتین کی بہترین بننے کے لیے تیاری کرائی جاتی ہے۔