اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کے لیے 16 رکنی وائٹ بال اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایرون فنچ اسکواڈ کی قیادت کریں گے جب کہ شین ایبٹ، آشٹن اگر، جیسن بہرنڈورف، الیکس کیری، نیتھن ایلس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنوس لابوشین، مچل مارش، بین میکڈرمٹ، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ڈیوڈ وارنر ،گلین میکسویل، مچل اسٹارک ،پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ وائٹ بال اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
چیئرمین نیشنل سلیکشن پینل جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کے ٹور کے لیے باصلاحیت اور ورسٹائل اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ورلڈ کپ کے لیے ون ڈے تشکیل دینے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تین میچز پر مشتمل ایک روزہ میچز کی سیریز راولپنڈی میں کھیلی جائے گی جس میں 29 ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو دونوں ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
5 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا، آسٹریلیا نے پاکستان میں تین ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔
آسٹریلیا ٹیسٹ اسکواڈ کی پاکستان آمد 27 فروری کو شیڈولڈ ہے اور وائٹ بال اسکواڈ کے ارکان ٹور کے درمیان میں جوائن کریں گے۔