بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مہنگائی کم مگرآئی ایم ایف معاہدہ میں رکاوٹیں

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)حکومت کی طرف سے مہنگائی میںکمی کادعویٰ کیاگیا تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ باضابطہ معاہدے میں اہم رکاوٹیں پیدا ہوگئی ہیں جنہیں دورکرنے کی کوششیں جاری ہیں،پنجاب میں بجلی کے صارفین کو دیئے گئے ریلیف پر آئی ایم ایف کے اعتراضات آنے کے بعد حکومت کیلئے مشکلات پیداہوسکتی ہیں،حکومت عوام کو ریلیف نہ دے تب بھی اسے شدیدتنقید کاسامنا کرناپڑتاہے اور اگرکسی نہ کسی مد میں ریلیف دے دیاجائے تو تب آئی ایم ایف ناراض ہوجاتاہے ایسی صورت میںمتوسط طبقہ اور غریب عوام کیاکرے؟ جہاں تک مہنگائی کا تعلق ہے تو یہ بات درست ہے کہ مہنگائی تین سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے، مئی 2023 میں مہنگائی کی شرح 38فیصد تک جا پہنچی تھی ،مہنگائی بڑھنے کی وجوہات میں ڈالرکی قیمت میں بے پناہ اضافہ اور آئی ایم ایف کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے معاہدے کی خلاف اور نئے معاہدے کیلئے پی ڈی ایم کے دورمیں سخت شرائط کے تحت معاہدہ کرنابڑی وجوہات تھیں تاہم وزیراعظم شہبازشریف نے جس اندازمیں معیشت کو بہتربنانے کے اقدامات کئے ہیں وہ قابل تحسین ہیںکیونکہ پاکستان کے اندرایک طرف سیاسی عدم استحکام اور دہشتگردی جیسے چیلنجزکا سامناہے اور اگراسی دوران مہنگائی کی شرح کم ہونے سے عوام کو کسی حد تک ریلیف ملاہے،نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے بجلی صارفین کے لیے 45ارب روپے ترقیاتی بجٹ سے نکال کر بجلی صارفین کو 14روپے فی یونٹ ریلیف دیاجس پر عوام نے اطمینان کااظہارکیا۔دوسری جانب ججزکی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آئینی ترمیم حکمران اتحاد کیلئے جان جوکھوں والاکام بن گیا ہے،مولانا فضل الرحمان اس وقت کنگ میکرکے طورپرسامنے آئے ہیں اور وہ سیاست کے سلطان بن گئے ہیں اور ایک وقت تھا جب کہ عمران خان انہیں مولانا ڈیزل کہہ کر مخاطب کرتے تھے اب روزانہ پی ٹی آئی کے وفود ان کے گھر جاتے ہیں، معافیاں مانگتے ہیں،حکومت گرانے کے لیے مولانا کی افرادی قوت سے فائدہ اٹھاناچاہتے ہیں لیکن مولاناسے زیادہ سمجھدار سیاستدان اس وقت کوئی نہیں ہے اور عمران خان کی چال میں وہ نہیں آرہے اور واضح کرچکے ہیںکہ پی ٹی آئی کو احتجاجی تحریک کے لیے اپناکندھا نہیں دیں گے، اسی لیے پی ٹی آئی ابھی تک کوئی جاندار تحریک نہیں چلاسکی،آئینی ترمیم کے حوالے سے سرگرمیاں بہت تیزہوگئی ہیں،مولانا کے پاس صدرزرداری،وزیراعظم شہبازشریف اور محسن نقوی کی صورت میں اسٹیبلشمنٹ آچکی ہے اور لگتا ہے کہ آئندہ ہفتے آئینی ترمیم اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کردی جائے گی ، بیرون ممالک میں موجود ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان کو وطن واپس بلالیاگیاہے ،سپیکرکے چیمبرمیں وزیردفاع،وزیرقانون اور دیگر سینئر رہنماؤں کی اہم بیٹھک بھی ہوئی ہے جس کے نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے۔