اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیکا ایکٹ جج محمد افضل مجوکا نے سابق سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس کا ٹرائل شروع کرنے کے لئے 21 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ، فاضل جج نے کہا کہ کیس کا ٹرائل شروع کرنا ہے مشاورت سے کوئی ایک تاریخ بتا دیں ۔ وکیل نے کہا کہ 14 ستمبر کے بعد کی کوئی بھی تاریخ رکھ لیں ہم حاضر ہیں ۔ فاضل جج نے کہا کہ آپ کو دن کا تو کوئی مسئلہ نہیں ناں کہ کس دن سماعت رکھنی ہے ۔ جیسے ضمانت پر بروقت فیصلہ کیا تھا اسی طرح سے ٹرائل بھی چلے گا ۔ وکیل نے کہا کہ ہفتے کا دن رکھ لیں ٹرائل کے لئے ہفتے کو اور کہیں پیش نہیں ہونا ۔ فاضل جج نے کہا کہ 21 ستمبر کو کوئی بڑا کیس نہیں 21 تاریخ رکھ لیتے ہیں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ اعظم سواتی کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج ہیں ۔
اعظم سواتی کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس کا ٹرائل شروع کرنے کے لئے 21 ستمبر کی تاریخ مقرر








