اسلام آباد(صغیر چوہدری ) اسلام آباد کے پاوش علاقے ایف الیون ٹو میں فلیٹ سے دو خواتین اور ایک مرد کی لاشیں ملی ہیں ۔ پولیس نے ڈیڈ باڈی ملنے کی تصدیق کی جبکہ مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کی موت مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے ہوئی ہے۔ ایف الیون ٹو میں الصفاء ہائٹس میں دو خواتین اور ایک نوجوان نے نجی پارٹی کاانتظام کیاتھا اور پارٹی کے دوران تینوں نے غیر معیاری شراب استعمال کی جس سے لڑکے اور ایک لڑکی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تاہم تیسری خاتون نے الصفاء ہائٹس کے سٹاف کو اطلاع دی ۔ تھانہ شالیمار پولیس نے اطلاع دینے والی خاتون کو نیم بے ہوشی کے عالم میں پمز ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت بھی کرلی گئی ان میں ایک خاتون کی شناخت تاحال نہ کی جا سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال میں تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا جارہا ہے جبکہ مرنے والوں کے لواحقین سے بھی رابطے کی کوشش جاری ہے۔ تاہم مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور شواہد کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
اسلام آباد: ایف الیون ٹو کے ایک فلیٹ سے دو خواتین اور ایک مرد کی لاشیں برآمد








